ویسے تو آج کل اکثر کھانے تیل میں پکائے جاتے ہیں مگر گھی وہ چیز ہے جو دہائیوں سے استعمال ہورہی ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ کھانوں کو مزیدار کرنے کے ساتھ ساتھ جسم کے لیے کس حد تک فائدہ مند ہے؟

درحقیقت یہ متعدد فوائد کا حامل ہوتا ہے خاص طور پر اگر دیسی گھی کی بات کی جائے تو جو مکھن کی شفاف شکل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گھی: دوست یا دشمن؟

جس کا مطلب ہے کہ اس میں سے پانی اور دودھ کے ٹھوس اجزاء کو نکال دیا گیا ہے اور نکتے دار اور ہموار مواد بچ گیا ہے۔

آپ اپنی فٹنس کے حوالے پرجوش شخصیت ہوں جو کہ روزانہ ورزش کرتے ہیں یا اپنا وزن کچھ پاؤنڈز کم کرنا چاہتے ہیں، دیسی گھی کی معتدل مقدار میں دونوں چیزوں کا حل موجود ہے۔

مگر جب آپ بازار سے اسے خریدتے ہیں تو اس کا معیار کیا ہوسکتا ہے، اس کی ضمانت تو کوئی بھی نہیں دے سکتا۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ گھر میں دیسی گھی بنانا کتنا آسان ہے ؟ اور یہ تو یقینی ہوتا ہے کہ وہ خالص ہی ہے۔

مزید پڑھیں : دیسی گھی کے یہ 8 فائدے معلوم ہیں؟

اسکا آسان طریقہ جان لیں۔

سب سے پہلے تو آپ کو ملائی کو اکھٹا کرنا ہوگا، اس کے لیے جو دودھ خرید کر ابالتے ہیں، اس کی ملائی روز اکھٹا کرکے فریج میں رکھ دیا کریں، جب ایک یا اس سے زائد کپ کے برابر ملائی جمع ہوجائے تو اس میں تازہ دہی کا اضافہ کردیں۔

اگر ملائی کا ایک کپ ہو تو اس میں ایک کھانے کا چمچ دہی ڈالیں اور پھر اسے چھ سے سات گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں، اور پھر تین سے چار گھنٹے کے لیے اسے فریج میں رکھیں (اگر موسم گرم ہو تو)، ایسا کرنے سے مکھن کو اوپر آنے میں آسانی ہوگی۔

اب اس کریم اور دہی کے مکسچر کو بلینڈر میں ڈالیں اور اس میں آدھا کپ ٹھنڈے پانی کا اضافہ کردیں۔

بلینڈر کو کم ترین رفتار پر پانچ سے چھ منٹ چلائیں، آپ دیکھ سکیں گے کہ مکھن اور چھاچھ یا لسی الگ ہوگئے ہیں، تاہم کبھی کبھار ایسا ہونے میں دس منٹ سے زائد عرصہ بھی لگ جاتا ہے۔

جب لسی یا چھاچھ پتلی ہوجائے اور مکھن اوپر آجائے تو بلینڈر بند کرکے اسے برتن میں منتقل کردیں۔

اب مکھن کو الگ کرلیں اور اسے دیسی گھی کی شکل دینے کے لیے اسے چولہے پر کسی برتن میں ڈال کر پگھلائیں۔

اسے اس وقت تک دھیمی آنچ میں ابالیں جب تک ٹھوس ذرات الگ اور سیال پگھل نہ جائے۔

اب اسے چھلنی سے چھان کر برتن یا جار میں منتقل کردیں اور آپ کا دیسی گھی تیار۔

ائیر ٹائٹ جار میں یہ گھی چھ ماہ تک استعمال کے قابل رہتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں