جونی ڈیپ کی فلم ’مرڈر آن دی اورینٹ ایکسپریس‘ کا ٹریلر جاری

اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2017
جوہنی ڈیپ گینگسٹر کے روپ میں نظر آئیں گے—پرومو فوٹو
جوہنی ڈیپ گینگسٹر کے روپ میں نظر آئیں گے—پرومو فوٹو

'پائریٹس آف دا کیریبئن' کے کیپٹن جیک اسپارو سے مشہور اداکار جونی ڈیپ آنے والی فلم میں ایک گینسگٹر کے روپ میں نظر آئیں گے۔

برطانیہ اور امریکا کے1934 کے شہرہ آفاق جاسوس ناول ’مرڈر آن دی اورینٹ ایکسپریس‘ کی کہانی سے ماخوذ فلم کی ہدایات کینتھ براناغ نے دی ہیں، جو اس فلم میں ایک جاسوس کا کردار بھی ادا کرتے نظر آئیں گے۔

کینتھ براناغ نہ صرف فلم کے مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، بلکہ وہ فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں، اس فلم کے دیگر پروڈوسرز میں رڈلی اسکاٹ، سائمن کنبرگ، مارک گورڈن، ادیتیا سود، مشیل شیفر اور جڈی ہفلینڈ شامل ہیں۔

فلم کی کہانی یورپ کا سفر کرنے والی پرتعیش ٹرین میں ہونے والے ایک قتل اور اس کی تحقیقات کے ارد گرد گھومتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پائریٹس آف دا کیریبئن ہیک کرلی گئی

پرتعیش ٹرین میں سوار ہر امیر و غریب مسافر اس وقت مشکوک بن جاتا ہے، جب پرائیوٹ جاسوس ہرکیول پیروٹ (کینتھ براناغ) مسافروں سے قتل کی تفتیش شروع کرتا ہے۔

ٹریلر میں سنو فال اور طویل سفر پر رواں دواں ٹرین میں پسٹول اور دیگر ہتھیاروں کے استعمال کو بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹرین میں سوار جاسوس ہرکیول پیروٹ مسافروں کو اعلان کے ذریعے آگاہ کرتا ہے کہ ٹرین میں ایک قتل ہوگیا ہے، اور اس کے قاتل کا پتہ لگانے تک تمام مسافر مشکوک ہیں۔

مزید پڑھیں: جونی ڈیپ اور انبر ہرڈ میں علیحدگی

فلم کی مرکزی کاسٹ میں کنیتھ براناغ اور جونی ڈیپ کے علاوہ ڈیسی ریڈلی، مشیل پفیئر، جوڈی ڈینچ، پینیلوپ کروز اور جوش گاڈ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

فلم کو رواں برس 3 نومبر کو پہلے برطانیہ، پھر امریکا اور آخر میں دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں