ویسے تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پہلے بھی کئی بار غیر سیاسی ٹوئیٹس کر چکے ہیں۔

تاہم اس بار ان کی جانب سے کیا گیا ایک غیر سیاسی مگر سماجی مسئلے کو اجاگر کرنے والا ٹوئیٹ وائرل ہوگیا۔

عمران خان نے ایک ویڈیو ٹوئیٹ کی جس میں ایک شخص کو اپنے 8 بچوں سمیت موٹر سائیکل پر سوار دکھایا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے ویڈیو ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'جہاں قوت ارادی ہو وہاں راستہ مل جاتا ہے'۔

20 سیکنڈ دورانیے کی اس ویڈیو میں ایک شخص کو اپنے 8 بچوں کو موٹر سائیکل پر بٹھاکر بازار سے گھر جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو دیکھنے سے اندازا ہوتا ہے کہ بظاہر موٹر سائیکل پر سوار ہونے والے 8 بچے مدرسے سے چھٹی ملنے کے بعد والد کے ساتھ گھر جا رہے ہیں۔

عمران خان کی جانب سے ٹوئیٹ کے ساتھ اور کچھ نہیں لکھا گیا، لیکن اس کے باوجود ان کی ٹوئیٹ کو ہزاروں افراد نے ری ٹوئیٹ کیا، جب کہ سیکڑوں لوگوں نے اس پر کمنٹ کیے۔

پی ٹی آئی سربراہ کی اس ٹوئیٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے عینی نامی ٹوئٹر ہینڈل سے ایک تصویر شیئر کی گئی، جس میں ایک عمر رسیدہ موٹر سائیکل سوار جوڑے کو دیکھا جاسکتا ہے۔

لیکن ساتھ ہی ان کے موٹر سائیکل کے پیچھے لکڑی کا ایک ٹرالر بندھا دکھائی دے رہا ہے، جس پر ریفریجریٹر رکھا ہوا ہے۔

تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا کہ ضرورت ایجاد کی ماں ہے، پاکستان میں تو ضرورت ایجاد کی گرینڈ ماں ہے۔

عینی نامی ٹوئٹر ہینڈل سے سلسلہ وار مزاحیہ تصاویر شیئر کی گئیں، جن میں سے ایک تصویر میں ایک موٹر سائیکل پر 2 مرد حضرات کے درمیان ایک گدھے کو بھی بیٹھا ہوا دکھایا گیا ہے۔

اس تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا کہ کھوتوں کو ڈی ویلیو کا سوچنا وی نا، سنا ہے انکی بریانی بڑی مشہور ہے، اس لیے لاہوری انکی قدر کرتے ہیں، اور کھوتے کو ہی ووٹ دیتے ہیں۔

آئی کے پی ٹی آئی پاکستان کے ٹوئٹر ہینڈل سے عمران خان کی حمایت اور تعریف میں بھی کئی سلسلہ وار ٹوئیٹ کیے گئے، جن میں عمران خان کی ملک میں کرپشن اور دیگر بدعنوانیوں پر ماضی میں کی جانے والی گفتگو کی ویڈیوز بھی شیئرز کی گئیں۔

عثمان کے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک تصویر شیئر کی گئی، جو غالبا کسی ہسپتال کے باہر کھینچی گئی تھی، تصویر میں لوہے کے اسٹینڈ پر پی ٹی آئی کا جھنڈا بنا ہوا ہے، اور اس پر ایک ڈرپ لٹکی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔

ربعیہ خالد نامی خاتون صارف نے عمران خان کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو دیکھنے کے بعد حیرانی کا اظہار کیا، اور سوالیہ ٹوئیٹ کیا کہ خان صاحب آپ کا اکاونٹ ہیک تو نہیں ہوگیا ؟؟

تبصرے (0) بند ہیں