پشاورمیں افغانستان کے قونصلر جنرل عبدالواحد پوہان نے افغانستان میں بھارت کے بڑھتے ہوئے مفادات کے پاک-افغان تعلقات میں اثر انداز ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے سفارتی تعلقات خود وضع کرنا افغانستان کو حق قرار دیا۔

پشاور میں افغان کلچرل ڈےکے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالواحد پوہان نے کہا کہ افغانستان کو بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ اچھے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا حق ہے۔

افغان قونصلر جنرل نے کہا کہ 'جب بھی پاک-افغان تعلقات کی بات زیربحث ہوتی ہے تو ہر کوئی بھارت پر الزام دیتا ہے'۔

انھوں نے کہا کہ 'افغانستان کے ہمسایے میں تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان سمیت دیگر ممالک بھی ہیں لیکن پاکستانی عوام کے ساتھ ہمارا گہرا پیار اورتعلقات دہائیوں سے ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں کی آزاد سفارتی پالیسیاں ہیں اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات ان کے باہمی برادرانہ رشتے پر اثر انداز نہیں ہوتے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان، افغان جنگ میں ’قربانی کا بکرا‘ نہیں بنے گا: وزیراعظم

عبدالواحد پوہان نے کہا کہ 'پاک-افغان تعلقات دیگر ممالک سے زیادہ مضبوط ہیں اور مجھے امید ہے کہ یہی تعلقات مستقبل میں مزید بہتر ہوں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ ثقافتی اور طرز زندگی کی بنیاد پر دونوں اطراف کے عوام کے درمیان محبت پروان چڑھی ہے۔

افغان قونصل جنرل نے کہا کہ 'پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے عوام کو تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے'۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچے تو واشنگٹن کے کونسل برائے خارجہ تعلقات میں ایک گھنٹے طویل نشست کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں افغانستان میں بھارت کے کردار کو ناقابل تسلیم قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیں:امریکا سے تعلقات افغانستان کی بنیاد پر نہیں: شاہد خاقان عباسی

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا تھا کہ پاکستان افغانستان میں بھارت کا سیاسی یا فوجی کردار نہیں دیکھتا۔

وزیراعظم کے مطابق ’افغانستان میں بھارتی مداخلت معاملات کو حل کرنے کے بجائے صورت حال کو مزید گمبھیر کرنے کا سبب بنے گی'۔

انھوں نے کہا کہ ’بھارت کو افغانستان کی معاشی معاونت کا استحقاق حاصل ہے تاہم ہم افغانستان میں بھارت کے سیاسی یا فوجی کردار کی ضرورت نہ دیکھتے ہیں اور نہ ہی اسے تسلیم کریں گے'۔

تبصرے (1) بند ہیں

Kashif bashir Sep 23, 2017 11:58pm
well can they give statement in favor of Kashimiries, then i would trust on them