کراچی: وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کی بوہرہ برادری کے پیشوا سے ملاقات

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2017
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ طاہری مسجد میں بوہرہ برادری کے پیشوا مفضل سیف الدین سے ملاقات کررہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ طاہری مسجد میں بوہرہ برادری کے پیشوا مفضل سیف الدین سے ملاقات کررہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ محمد زبیر نے بوہرہ برادری کے پیشوا مفضل سیف الدین سے صدر میں قائم طاہری مسجد میں ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ نے طاہری مسجد میں مجلس عزا میں بھی شرکت کی۔

ان کے علاوہ سربراہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) فاروق ستار اور کراچی کے میئر وسیم اختر نے بھی بوہرہ برادری کے پیشوا مفضل سیف الدین سے ملاقات کی۔

بوہرہ برادری کے پیشوا سے ملاقات کے بعد طاہری مسجد کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ محرم میں امن و امان کی صورتحال سے مطمئن ہیں جبکہ امن قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

گورنر سندھ محمد زبیر بوہرہ برادری کے پیشوا سے ملاقات کررہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
گورنر سندھ محمد زبیر بوہرہ برادری کے پیشوا سے ملاقات کررہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

بعد ازاں گورنر سندھ محمد زبیر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور کراچی کی تجارتی سرگرمیوں میں بوہرہ کمیونٹی کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز خوش آئند ہے۔

بعد ازاں ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار نے طاہری مسجد میں بوہرہ برادری کے پیشوا مفضل سیف الدین سے ملاقات کی، اس موقع پر ان کے ہمراہ میئر کراچی وسیم اختر بھی موجود تھے۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سیدنا سیف الدین صاحب کی مجلس میں آنا باعث افتخار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بوہرہ جماعت کے روہانی پیشوا کو کراچی میں خوش آمدید کہتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کے بل کی حمایت کرنے والے سینیٹر کے خلاف کارروائی کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینا غلط ہے۔

ایم کیو ایم کارکنوں اور رہنماؤں کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے فاروق ستار نے کہا کہ دباؤ میں لاکر لوگوں سے وفاداریاں تبدیل کرائی جارہی ہیں، چند وکٹیں گرنے سے ہمیں کچھ فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں طلبا و طالبات ایم کیوایم میں شامل ہو رہے ہیں جبکہ ہمارا ٹارگٹ نوجوان طلبا و طالبات ہیں کیونکہ وہی مستقبل کا معمار ہیں۔

اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ’وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ مل بیٹھ کر معاملات حل کریں گے‘۔

سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز دینے کے دعوے پر میئر کراچی وسیم ختر کا کہنا تھا کہ 2016 اور2017 میں 14 ارب روپے جاری ہوئے، جو کے ایم سی کے بجائے اس وقت کے ایڈمنسٹریٹر کو جاری ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ہم نے 27 ارب روپے کا بجٹ بنایا ہے جس کے تحت مختلف ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی جائینگی۔

خیال رہے کہ بوہرہ برادری دنیا بھر کے مختلف خطوں میں آباد ہیں اور ان کے روحانی پیشوا ہر سال کسی ایک ملک میں اپنی کمیونٹی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے وہاں 10 روز کا قیام کرتے ہیں۔

اس سلسلے میں بوہرہ برادری کے پیشوا سید فضل سیف الدین ان دنوں پاکستان کے تجارتی حب کراچی میں مقیم ہیں جہاں ان سے ملاقات اور ان کی آمد کے حوالے سے منعقدہ تقاریب میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں بوہرہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کراچی آئے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں