آسٹریلیا کو لگاتار تیسری شکست، بھارت عالمی نمبر ایک بن گیا

25 ستمبر 2017
آسٹریلین اونر ڈیوڈ وارنر کی وکٹ حاصل کرنے پر ہردک پانڈیا کو ساتھی کھلاڑی اجنکیا راہانے داد دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلین اونر ڈیوڈ وارنر کی وکٹ حاصل کرنے پر ہردک پانڈیا کو ساتھی کھلاڑی اجنکیا راہانے داد دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

اندور: ایرون فنچ کی سنچری کے باوجود ہندوستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میچ میں پانچ وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔

اندور میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو یہ ابتدا میں درست ثابت ہوا اور اوپنرز نے ٹیم کو 70 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

42 رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر کے آؤٹ ہونے کے بعد اسٹیون اسمتھ وکٹ پر آئے اور فنچ کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 154 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کوبہتر پوزیشن میں پہنچا دیا۔

ایرون فنچ 124 رنز کی شنادار اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے تو آسٹریلیا نے 37.5 اوورز میں دو وکٹ کے نقصان پر 224 رنز بنائے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ مہمان ٹیم 350 رنز کا مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

لیکن فنچ کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلین ٹیم رنز بنانے کی رفتار برقرار نہ رکھ سکی اور تیز ی سے رنز بنانے کی کوشش میں اسمتھ اور میکسویل یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔

چار وکٹیں گرنے کے بعد بھارت نے میچ پر گرفت مضبوط کر لی اور آسٹریلین بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا جس کے سبب مہمان ٹیم مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز ہی بنا سکی۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو اور جسپریت بمراہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

294 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اجنکیا راہانے اور روہت شرما نے بھارتی ٹیم کو 139 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا لیکن پھر دونوں کھلاڑی بالترتیب 70 اور 71 رنز بنانے کے بعد پویلین رخصت ہوئے۔

کوہلے نے ہردک پانڈیا کے ساتھ 56 رنز جوڑے لیکن ہندوستانی کپتان 28 رنز بنانے کے بعد ایشٹن ایگار کی وکٹ بنے جبکہ کیدر جادھو کی اننگز دو رنز پر تمام ہوئی۔

206 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد ہردک پانڈیا نے اپنی ٹیم کی ناؤ پار کرانے کا بیڑا اٹھایا اور منیش پانڈے کے ساتھ 78 رنز کی فتح گر شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔

جب پانڈیا 78 رنز ی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے تو بھارت کو میچ میں فتح کیلئے محض دس رنز درکار تھے جو اس نے مزید کسی نقصان کے 13 گیندوں قبل حاصل کر کے میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔

پانڈیا کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی بھارت نے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔

تبصرے (0) بند ہیں