چینی کمپنی ہیواوے میٹ 10 لائٹ فون متعارف کرا دیا ہے جسے اس نے چین میں مائی مینگ 6 کا نام دیا اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ دو یا تین نہیں بلکہ 4 کیمروں سے لیس ہے۔

جی ہاں ہیواوے کو لگتا ہے کہ اسمارٹ فون کے بیک پر دو اور فرنٹ پر ایک کیمرہ کافی نہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس نے چار کیمروں والا اپنا پہلا اسمارٹ فون پیش کردیا ہے، جس کی قیمت سام سنگ یا ایپل کے مقابلے میں بہت زیادہ کم ہے۔

دنیا بھر میں تو یہ فون 16 اکتوبر کو میٹ 1 لائٹ کے نام سے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے تاہم چین میں اسے مائی مینگ سکس کے نام سے پیش کیا گیا ہے۔

بلیک، گولڈ اور بلیو رنگوں میں دستیاب ہونے والا یہ فون 5.9 انچ کی فل ایچ ڈی اسکرین کے ساتھ ہے ۔

مزید پڑھیں : ہیواوے کا نیا فون آئی فون 8 سے بہتر ہونے کا دعویٰ

کمپنی نے اس میں اپنا تیار کردہ کیرین 659 پراسیسر دیا ہے جبکہ چار جی بی ریم، 64 جی بی اسٹوریج، جس میں ایس ڈی کارڈ سے اضافہ ممکن ہے اور 3340 ایم اے ایچ بیٹری ہے۔

فون میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی سی پورٹ موجود ہے اور ڈوئل سم کا آپشن بھی دیا گیا ہے، اسی طرح اینڈرائیڈ نوگیٹ آپریٹنگ سسٹم میں کمپنی نے اپنے سسٹم ای ایم یو آئی 5.1 کو شامل کیا ہے۔

مگر اس کی خاص بات اس کے چار کیمرے ہی ہیں اور یہ چینی کمپنی موبائل فوٹوگرافی کو ایک نئی 'اونچائی' پر پہنچانا چاہتی ہے ۔

اس کے فرنٹ اور بیک دونوں جگہ ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ اس فون میں موجود ہے۔

بیک پر ایک سولہ میگا پکسل جبکہ دوسرا دو میگا پکسل کا کیمرہ دیا گیا ہے جبکہ فرنٹ پر ایک 13 میگا پکسل جبکہ دوسرا دو میگا پکسل کا کیمرہ ہوگا۔

اور فرنٹ سے تصویر لیں یا بیک کیمروں سے، دونوں جگہ دھندلے پس منظر کی تصویر لی جاسکے گی (بالکل نئے آئی فون ایکس (10)کی طرح جو کہ سیلفی کے لیے اس طرح کے فیچر کی پیشکش کرتا ہے)۔

ہیواوے کا یہ نیا فون 365 ڈالرز (لگ بھگ 38 ہزار پاکستانی روپے) میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں