پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے خبردار کیا ہے کہ غیرملکی دشمن ایجنسیاں پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کی کوششیں کررہی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جنرل قمر باجوہ نے ایک روز قبل وادی راجگال میں سرحد کی دوسری جانب سے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کے گھر پہنچے اور فاتحہ پڑھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ 'غیرملکی دشمن ایجنسیاں پاکستان کو غیرمستحکم کرنے اور پاک فوج کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششیں کررہی ہیں'۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کوخوف ہے پاک فوج ان کے مذموم عزائم کی کامیابی میں رکاوٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آپریشن خیبر 4 کامیابی سے مکمل ہوگیا،آئی ایس پی آر

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ فوج ہرقسم کے چیلنج میں قوم کےساتھ کھڑی رہےگی اور ملک کے وسیع تر مفاد کے لیے اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھےگی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کا دشمن ہمارا دشمن ہے اور فوج کا استعمال صرف ریاست کی صوابدید ہے'۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ 'کسی قربانی کی پرواہ کیے بغیر ملک میں امن اورقانون کی عمل داری قائم کریں گے'۔

جنرل قمر باجوہ نے مری میں واقع شہید ارسلان عالم کے گھر آمد کے موقع پر شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ'قوم کےایسے بہادرسپوتوں اوروالدین کےہوتےہوئےملک کوکوئی نقصان نہیں پہنچاسکتا'۔

خیال رہے کہ پاک آرمی نے حال ہی میں وادی راجگال میں آپریشن خیبر فور کو مکمل کرکے دہشت گردوں سےخالی کیا تھا۔

آپریشن مکمل کرنے کے بعد پریس کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ اس آپریشن کے دوران 52 دہشت گرد ہلاک جبکہ 31 دہشت گرد زخمی اور چار نے ہتھیار ڈال دیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا تھا کہ آپریشن خیبر فور میں پاک فوج کے 2 سپاہی شہید اور 6 زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا تھا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد کیے جانے والے سامان میں بارودی سرنگ بنانے والا سامان ملا ہے جس پر ’میڈ ان انڈیا‘ لکھا ہوا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پاکستانی وفد نے واضح طور پر کہا تھا کہ بھارتی ایجنسیاں پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی پھیلانے کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کررہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں