کوئٹہ میں فرنٹیئر کور (ایف سی) نے کارروائی کرتے ہوئے محرم الحرام کے جلوسوں کو ہدف بنانے کی کوشش ناکام بنادی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشین کے شمالی علاقے طورے شاہ میں انٹیلی جنس اطلاع پر آپریشن کے دوران بارودی مواد سے بھری گاڑی قبضے میں لی گئی۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ بارودی مواد سے بھری گاڑی کو یوم عاشورہ کو کوئٹہ میں جلوس کو ہدف بنانے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کارروائی میں منصوبے کے ماسٹر مائنڈ کو اس کے دو ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا گیا۔

پنجاب میں مشتبہ افراد کی گرفتاری

آئی ایس پی آر کے مطابق صوبہ پنجاب میں رینجرز نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ صوبے کے حساس علاقوں میں پیٹرولنگ اور فلیگ مارچ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں انتہائی حساس مقامات کے قریب ’کوئیک ری ایکشن فورسز‘ کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، ڈی جی خان، لاہور، سیالکوٹ، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز بھی کیے گئے۔

آپریشنز کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 27 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے غیر قانونی ہتھیار برآمد کر لیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں