ویسے تو صبح کی نیند سب کو بےحد پیاری ہوتی ہے، لیکن ناشتہ کرنا بھی انسانی صحت کے لیے بہت ضروری ہے، ہر روز گھر میں وہی انڈے پراٹھے کا ناشتہ کرتے کرتے لوگ کبھی کبھی بیزار بھی ہوجاتے ہیں اور یقیناً اپنے معمول میں کچھ تبدیلی لانا چاہتے ہوں گے۔

شہر قائد میں کھانے پینے کی بےشمار جگہیں موجود ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ریسٹورنٹس کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔

اگر صرف ناشتے کی بات کی جائے تو بہت سے ریسٹورنٹس اب دن اور رات کے کھانے کے ساتھ نہایت شاندار اور لذیز ناشتہ بھی پیش کرتے ہیں، لیکن جو بات سڑک کنارے بیٹھ کر دیسی ناشتہ کرنے میں ہے، وہ مغربی انداز کے ناشتے میں کہاں؟

اس لیے اگر آپ اس اتوار گھر والوں یا دوستوں کے ساتھ کراچی میں دیسی ناشتہ کرنے کا پلان بنارہے ہیں تو یہاں بتائی گئی جگہوں کا دورہ ضرور کریں۔

کوئٹہ عالمگیر ہوٹل

کراچی کے علاقے بہادرآباد میں عالمگیر روڈ پر واقع کوئٹہ عالمگیر ہوٹل کا شمار شہر کے اۃن بہترین چائے کے ہوٹلوں میں کیا جاتا ہے جہاں صبح شام رش لگا رہتا ہے۔

یہ ہوٹل اپنے مزیدار پراٹھوں اور لذیز چائے کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے اور یہاں فیملی کے بیٹھنے کا بھی خاص انتظام کیا گیا ہے۔

اگر آپ یہاں جانے کا ارادہ کریں تو اس ہوٹل کے لچھے دار پراٹھے کھانا مت بھولیے گا، جو اتنی مہنگائی کے دور میں بھی ایک سستا ہوٹل مانا جاتا ہے۔

ڈیرا

اس میں کوئی تعجب نہیں کہ کراچی کی فوڈ اسٹریٹ بوٹ بیسن پر موجود ہوٹل ڈیرا کراچی کا بہترین ناشتہ پیش کرتا ہے۔

یہاں ویسے تو حلوہ پوری، چائے پراٹھے، چھولے کا سالن اور آلو کی ترکاری ہر طرح کا ناشتہ موجود ہے، لیکن اگر آپ یہاں جائیں تو ان کا پیزا پراٹھا ضرور منگوائیے گا، اس ہوٹل کے بل کو دیکھ کر آپ یہاں بار بار آئیں گے۔

دمتھل

فوٹو بشکریہ/ دمتھل
فوٹو بشکریہ/ دمتھل

ایف بھی ایریا میں موجود ہوٹل دمتھل میں اتوار کی صبح لوگوں کا رش بڑھ جاتا ہے۔

یہاں بیٹھ کر ناشتہ کرنے کی جگہ تو دی گئی ہے لیکن رش بڑھ جانے کی وجہ سے لوگ گاڑیوں میں بیٹھ کر کھانے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔

یہاں کی حلوہ پوری، چھولا سالن اور آلو کی ترکاری کراچی بھر میں مشہور ہے۔

لوگ دمتھل ہوٹل کی سروس کی بھی بےحد تعریف کرتے ہیں، یہاں صفائی کا بھی خیال رکھا جاتا ہے، یہ ناشتہ آپ کی جیب پر بھی بھاری نہیں پڑے گا۔

بیٹھک

پبلسٹی فوٹو
پبلسٹی فوٹو

بوٹ بیسن پر موجود ایک اور مشہور ہوٹل بیٹھک ہے، اس کے نام کی وجہ سے یہاں لوگوں کے بیٹھنے کی اچھی جگہ بنائی گئی ہے، ویسے تو یہاں ہر وقت رش رہتا ہے لیکن اتوار کی صبح لوگ ناشتہ کرنے دور دور سے یہاں آتے ہیں۔

یہاں اپنے دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ چارپائی پر بیٹھ کر لذیز ناشتے کا لطف ضرور اٹھائیے گا۔

اس ہوٹل کے پراٹھے کافی مشہور ہیں لیکن سب سے لذیز ان کا چیز پراٹھا مانا جاتا ہے، باقی تمام ہوٹلوں کی طرح آپ یہاں بھی بل دیکھ کر پریشان نہیں ہوں گے۔

ٹوسو

فوٹو/ گوگل
فوٹو/ گوگل

بہادرآباد کے علاقے میں واقع ٹوسو ہوٹل اپنے لذیز ناشتے کے لیے مشہور ہے۔

یہاں صبح سے ہی لوگوں کا ہجوم بڑھ جاتا ہے، یہاں کی خاص بات اس کی حلوہ پوری، آلو بھچیا اور چائے ہے۔

اور وہ لوگ جو حلوہ پوری کھانا پسند نہیں کرتے ان کے لیے انڈا پراٹھے کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔

ملک

فوٹو بشکریہ/ ملک فیس بک
فوٹو بشکریہ/ ملک فیس بک

وہ لوگ جو سڑک کنارے کسی ہوٹل پر نہیں بیٹھنا چاہتے اور اپنی فیملی کو ایک ریسٹورنٹ میں ناشتہ کروانا چاہتے ہیں جو ان کی جیب پر بھی بھاری نہ پڑے تو وہ ملک ریسٹورنٹ کا انتخاب کریں۔

ویسے یہاں حلوہ پوری بھی ناشتے میں پیش کی جاتی ہے لیکن لوگ لوگ شوق سے اس ریسٹورنٹ میں نہاری کا ناشتہ کرنے آتے ہیں۔

بہادرآباد میں واقع اس ریسٹورنٹ میں صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، جہاں آپ اس چھٹی پر اپنی فیملی کو ضرور لے کر جاسکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Bilal Iqbal Oct 07, 2017 08:35pm
What is the criteria for evaluation, first see the reviews then decide to go many places aren't higenic.