لندن میں کار سڑک کنارے موجود افراد پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

واقعہ لندن کے ’نیچرل ہسٹری میوزیم‘ کی عمارت کے باہر پیش آیا جس کے فوری بعد برطانوی ایمرجنسی سروسز کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق پیدل مسافروں پر گاڑی چڑھانے کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 2 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، جبکہ ہفتہ کے روز غیر ملکی سیاحوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد میوزم آتی ہے۔

تصاویر میں سلور رنگ کی ڈینٹ والی گاڑی اور ایک شخص کو میوزیم کے باہر گراؤنڈ میں دیکھا گیا۔

بعد ازاں جائے وقوع پر موجود ایک شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں: لندن میں چاقو سے حملہ، امریکی خاتون ہلاک

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ پیدل مسافروں پر گاڑی چڑھانے کے واقعے کے بعد انہوں نے گاڑی کے پاس ایک شخص کو ہتھکڑیوں میں دیکھا جس کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا تھا، جبکہ وہ مسکراتے ہوئے خود کو بافخر محسوس کر رہا تھا۔

تاہم برطانوی حکام نے واقعے کو ’دہشت گردی‘ قرار نہیں دیا، جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی نہیں بتائی گئی جنہیں ایمبولینس سروس کے اہلکاروں نے ہسپتال منتقل کیا۔

پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گاڑی چڑھانے کے واقعات پہلے بھی پیش آچکے ہیں، لیکن اس وقت ہمارے اتنے شواہد نہیں جس بنا پر اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیا جاسکے۔

واقعے کے بعد قریبی دکانیں اور چند سڑکیں بھی بند کرادی گئیں اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ وہ واقعے کے اصل محرکات جاننے کی کوشش کر رہی ہے اور مزید معلومات صورتحال واضح ہونے کے بعد فراہم کی جائے گی۔

ڈاؤننگ اسٹریٹ کے بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم تھریسا مے کو واقعے سے متعلق بریف کیا گیا۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران برطانیہ میں دہشت گردی کے متعدد واقعات کے بعد دہشت گردی کے خطرات کے لیول کو ’شدید‘ کیا جاچکا ہے۔

چند ماہ قبل بھی لندن بِرج اور ویسٹ منسٹر بِرج پر مسافروں پر گاڑی چڑھانے کے واقعات پیش آئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں