امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقے کے جنگلات میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق یہ آگ اب کیلیفورنیا کے شہروں ناپا اور سونوما کے رہائشی علاقوں کی جانب بڑھ چکی ہے جس کے باعث 1500 سے زائد مکانات اور کاروباری مراکز بھی جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے۔

امریکی فلاحی ادارے سینٹ جوزف ہیلتھ کا کہنا تھا کہ اب تک آگ سے متاثرہ 100 سے زائد زخمیوں کو سانتا روزا اور دیگر ملحقہ علاقوں کے مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئیں جن میں اکثر افراد پھیپھڑوں میں دھواں بھر جانے سے متاثر ہوئے۔

مزید پڑھیں: کینیڈا کے جنگل میں لگنے والی آگ سے شہر تباہ

ان کا مزید کہنا تھا کہ انتہائی زخمیوں اور جھلسے ہوئے افراد کو ان ہسپتالوں کے برن سینٹرز میں منتقل کیا جاچکا ہے جبکہ معمولی زخمیوں کو فوری طبی امداد دے کر فارغ کیا جاچکا ہے۔

ادارے نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اب تک جنگلات میں پھیلی آتشزدگی کی وجہ سے 10 افراد ہلاکت ہو چکی ہے تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ زخمیوں اور ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کیلیفورنا کا دورہ کیا اور ریاستی حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ اس مشکل وقت میں وفاقی حکومت ان کے ساتھ ہے اور اس تباہ کن آتشزدگی کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پرتگال کے جنگل میں آتشزدگی سے 62 افراد ہلا

کیلیفورنیا کے شہر اناہائم میں موجود فائیر اینڈ ریسکیو سینٹر نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ آگ 2 ہزار ایکڑ تک پھیل چکی ہے جس پر قابو پانے کے لیے 200 فائیر فائیٹرز، 6 ہیلی کاپٹر اور 6 ہوائی جہاز امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے رہائشی علاقوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشنز بھی جاری ہیں۔

فائیر فائیٹر ادارے نے بتایا کہ آگ کے شعلے تیز چلتی ہواؤں کی وجہ سے آگے بڑھے رہے ہیں جس کہ باعث آگ دیگر علاقوں میں بھی پھیل رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں