اشیش نہرا ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائر

12 اکتوبر 2017
اشیش نہرا نے 18 سالہ کیریئر میں بھارت کی جانب سے 17 ٹیسٹ، 120 ون ڈے اور 26 ٹی 20 میچ کھیلے— فائل فوٹو: اے ایف پی
اشیش نہرا نے 18 سالہ کیریئر میں بھارت کی جانب سے 17 ٹیسٹ، 120 ون ڈے اور 26 ٹی 20 میچ کھیلے— فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارتی فاسٹ باؤلر اشیش نہرا نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا اور یکم نومبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل ان کے کیریئر کا آخری میچ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہر پلیئر کو ایک دن کھیل کا میدان چھوڑنا پڑتا ہے، ریٹائرمنٹ کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے اور میں اس فیصلے سے مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں مزید دو سال تک کرکٹ کھیل سکتا تھا مگر 38 ، 39 سال کے فاسٹ باؤلر کیلئے فٹنس برقرار رکھنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میں گزشتہ 2-3 سال سے جب بھی کھیلا تو ٹی20 میں پلیئنگ الیون کا حصہ رہا ہوں لیکن اب مجھے محسوس ہوتا ہے کہ بھوونیشور کمار مکمل طور پر باؤلنگ اٹیک کی ذمے داریاں سنبھالنے کیلئے تیار ہیں جبکہ محمد شامی اور جسپریت بمراہ بھی عمدہ باؤلنگ کر رہے ہیں اور اس وقت کوئی برا ایونٹ بھی قریب نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے کپتان اور کوچ سمیت ڈریسنگ روم میں اپنے خیالات کے سے سب کو آگاہ کیا اور سب نے میرے اس فیصلے کو قبول کیا جبکہ میرے لیے اس سے بڑھ کر اور کوئی بات نہیں کہ میں ہوم گراؤنڈ پر کیریئر کا اختتام کروں گا جہاں 20 سال قبل میں نے رانجی ٹرافی کا پہلا میچ کھیلا تھا۔

نہرا نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی ترجیح کوچنگ ہوگی تاکہ اپنے تجربے سے نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دے سکیں۔

واضح رہے کہ 38 سالہ اشیش نہرا نے 18 سالہ کیریئر میں بھارت کی جانب سے 17 ٹیسٹ، 120 ون ڈے اور 26 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں