پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کو آگے لے کر جانا حکومت کی ذمہ داری ہے ہمارے زمانے میں بھی ایک جج ٹکر گئے تھے اور ہمارے وزیراعظم کو گھر بھیج دیا تھا لیکن ہم نے احتجاج نہیں کیا اور بتدریج تبدیلی لائے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی کشتی کو بھنور سے نکالنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور پارلیمنٹ کو مسائل کا حل خود نکالنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں بھی ایک جج ہم سے ٹکر گئے تھے میرے وزیراعظم کو گھر بھیج دیا تھا ہم نے توکوئی جلوس نہیں نکالا اور نہ ہم نے یوسف رضا گیلانی کواحتجاج کرنے کو کہا۔

سابق صدر کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ کو جب بھی حکومت ملی ملک کو کنگال بناکرچھوڑا جبکہ پیپلزپارٹی جب بھی حکومت میں آئی ملکی معیشت کو مضبوط کیا اور آج ملک معاشی لحاظ سے کمزور ہورہا ہے تو اس کا کوئی تو ذمہ دار ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے رہنماؤں نے آج معاشی ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ کیا ہے اس کی وجہ یہی ہے کہ انھوں نے قرضے لیے ہیں جس کو ہم نے واپس بھی کرنا ہے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر مولانا فضل الرحمٰن رام نہیں ہوئے تو فاٹا کو ان کے بغیر خیبر پختونخوا میں ضم کریں گے۔

سابق صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آئی تو فاٹا کو کے پی سے ضم کرکے ایک صوبہ بنائیں گے اور جب وہاں رٹ ہوگی وہاں راستے بنیں گے اور تھانے بنیں گے تو خانہ جنگی بھی کم ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اپنے دور حکومت میں حالت جنگ میں تھی لیکن ہماری حکومت نے وزیرستان کی صورت حال پر قابوپایا، سوات میں جنگ جیتی،آئی ڈی پیز کو بحال کیا۔

عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کپتان صاحب اپنی مگن میں مست ہیں اور ان کی نظر میں پورے کے پی صوبے میں سب سے اچھے بندے ہیں اور وہ جو کرتے ہیں بہتر ہے۔

کے پی میں صوبائی حکومت کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ پرویز خٹک کے گاؤں میں نیا پاکستان نظر نہیں آرہا، پرویز خٹک کے گاؤں گیا وہاں مجھے سوائے کچرے کے کچھ نظر نہیں آیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ میں خوش ہوں کہ ضمنی انتخاب کے باعث غریبوں کے کام ہورہے ہیں لاہور میں میاں صاحب کے حلقے میں کوئی کام نہیں ہوا تھا لیکن جب مریم بی بی مہم کے لیے نکلیں تو سڑکیں بھی بنیں اور لوگوں کو ملازمتیں بھی ملی۔

تبصرے (1) بند ہیں

zeeshan karim Oct 12, 2017 08:16pm
The real political player and symbol of democracy . pakitsan need Asif Ali Zardari .