آئرلینڈ کی ٹیم آئندہ سال کرکٹ کی تاریخ میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی اور آئندہ سال مئی میں اپنی سرزمین پر ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی میزبانی کرے گی۔

رواں سال جون میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے آئرلینڈ اور افغانستان کو ٹیسٹ اسٹیٹس دیا تھا اور اس کے ساتھ ہی یہ دونوں آئی سی سی کی مکمل رکنیت حاصل کرنے والے 11ویں اور 12ویں ملک بن گئے تھے۔

رواں ہفتے آکلینڈ میں منعقدہ آئی سی سی اجلاس میں پاکستان اور آئرلینڈ کے حکام کے درمیان ایک معاہدہ ہوا جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ کھیلنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔

آئرلینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وارن ڈیوٹرم نے کہا کہ ہم آئندہ سال اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان کی میزبانی کرنے کیلئے بہت پرجوش ہیں، یہ ہماری دلی خواہش تھی کہ ہم ٹیسٹ رکنیت حاصل کرنے کے ایک سال کے اندر ہی اپنے شائقین کے سامنے کسی بڑی ٹیم کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کریں اور ہم اس پر بہت خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ یہ آئرلینڈ کرکٹ کیلئے تاریخی دن ہو گا اور ہم اسے یادگار بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

آئرش کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہمیشہ آئرلینڈ کرکٹ کے ساتھ بہت تعاون کیا اور ان کا ہمارے ساتھ ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے راضی ہونا اس کا ایک اور ثبوت ہے۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ آئندہ سال مئی میں کھیلا جائے گا لیکن میچ کی تاریخ اور مقام کا تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم جلد اس بارے میں حتمی اعلان کردیا جائے گا۔

آئرش ٹیم آئندہ سال ٹیسٹ کھیلنے والا دنیا کا 11واں ملک بن جائے گا، اس سے قبل آخری بار 2000 میں بنگلہ دیشی ٹیم نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں