تنازعات میں گھرے انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے اپنی متنازع ویڈیو میں برطانوی ماڈل کیٹی پرائس کے بیٹے کا مذاق اڑانے پر مشہور ماڈل اور ان کے بیٹے سے معافی مانگ لی ہے۔

انگلینڈ کےآل راؤنڈر بین اسٹوکس کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں اور گزشتہ ماہ نائٹ کلب میں مار پیٹ کرنے پر پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد وہ ایک اور اسکینڈل کی زد میں آ گئے ہیں۔

برسٹل نائٹ کلب معاملے پر پولیس کی تفتیش جاری ہےکہ اسٹوکس کی ایک اور ویڈیو منظرعام پرآگئی جس میں وہ برطانوی ماڈل کیٹی پرائس کے معذور بیٹے ہاروی کی نقل اتارتے ہوئے ان کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

اس حرکت پر آل راؤنڈر کو تمام ہی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں بھی جلد ہی اپنی غلطی کا احساس ہو گیا اور انہوں نے اپنی اس حرکت پر معافی مانگ لی۔

بین اسٹوکس نےسماجی میڈیا پر ایک پیغام میں ہاروی کی نقل اتارنے پر معافی مانگتے ہوئےکہا کہ وہ اپنی اس حرکت پر بہت شرمندہ ہیں اور کیٹی پرائس اور ان کے بیٹے سے معافی مانگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا مقصد کیٹی پرائس اور ان کے بیٹے یا کسی کی توہین کرنا نہیں تھا اور میں آئندہ کبھی ایسی حرکت نہیں کروں گا۔

اسٹوکس کا کہنا تھا کہ میں نے تحریری طور پر بھی معافی مانگنے کی کوشش کی اور اس سے قبل ان سے ملاقات کرنے کی بھی کوشش کی تاکہ ذاتی حیثیت میں ملاقات کر کے معافی مانگ سکوں۔

ادھر انگلش ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر بین اسٹوکس کیلئے کھیلوں کا سامان تیار کرنے والی کمپنی نیو بیلنس نے ان کے ساتھ اسپانسرشپ معاہدہ ختم کر دیا۔

اسپانسرشپ معاہدے کے تحت نیوبیلنس کمپنی اسٹوکس کو سالانہ 2 لاکھ پاؤنڈ مالیت کے کٹ فراہم کرتی تھی۔

نیو بیلنس حکام کا کہنا ہے کہ اسٹوکس نے ہماری کمپنی کی ساکھ کو متاثر کیا ہے اور ان کا رویہ کمپنی کے برانڈ کلچر اور اقدار سے میل نہیں کھاتا۔

اسٹوکس کو گزشتہ ماہ برسٹل میں نائٹ کلب کے باہر مبینہ طور پر جھگڑا کرنے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد انگلینڈ نے انہیں آسٹریلیا کے خلاف اعلان کردہ ایشز سیریز اسکواڈ سے بھی باہر کر دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں