ذیابیطس جیسے مرض سے بچنا بہت آسان

12 اکتوبر 2017
یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

اومیگا سکس فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذائیں جیسے اخروٹ، مچھلی، سویابین اور سورج مکھی کا تیل وغیرہ کا استعمال ذیابیطس ٹائپ ٹو کے مرض میں مبتلا ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرتا ہے۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جارج انسٹیٹوٹ فار گلوبل ہیلتھ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اومیگا سکس فیٹی ایسڈ انسانی صحت کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے اور اس کا حصول بھی بہت آسان ہے۔

مزید پڑھیں : ذیابیطس کے نتیجے میں لاحق ہونے والی بیماریاں

تحقیق میں بتایا گیا کہ جن لوگوں کے خون میں لائنولیس ایسڈ (اومیگا سکس فیٹی ایسڈ کا اہم جز) زیادہ مقدار میں موجود ہو، ان میں مستقبل قریب میں ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ 35 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق غذا میں یہ سادہ سی تبدیلی لوگوں کو ذیابیطس جیسے جان لیوا مرض سے بچا سکتی ہے جو کہ دنیا بھر میں وباءکی طرح پھیل رہا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ جن لوگوں پر تحقیق کے دوران ان غذاﺅں کا تجربہ کیا گیا، ان میں زیادہ تر صحت مند تھے اور انہیں کوئی مخصوص غذا کھانے کا مشورہ نہیں دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : اس غذا کا زیادہ استعمال ذیابیطس کا خطرہ بڑھائے

اس تحقیق کے دوران لگ بھگ چالیس ہزار بالغ افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ لائنولیس ایسڈ انسانی جسم خود بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا بلکہ یہ غذا کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے لانسیٹ ڈائیبٹیس اینڈ Endocrinology جرنل میں شائع ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں