ویسے تو عامر خان کی گزشتہ برس آنے والی فلم ’دنگل‘ نے بولی وڈ انڈسٹری میں ریکارڈ ساز کمائی کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا، جو آج تک کسی فلم کو حاصل نہیں ہوا۔

’دنگل‘ نے مجموعی طور پر دنیا بھر سے 2 ہزار کروڑ روپے سے بھی زائد پیسے بٹورے تھے، جو ہندوستانی فلم ’باہو بلی 2‘ سے بھی 500 کروڑ روپے ذیادہ ہیں۔

’باہو بلی 2‘ نے دنیا بھر سے 1500 کروڑ روپے بٹورے تھے۔

تاہم عامر خان کا ماننا ہے کہ ان کی آنے والی فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ دنگل سے بھی بڑی فلم ہوگی۔

ان دنوں مسٹر پرفیکشنسٹ ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، وہ گزشتہ ہفتے ہی اس کی تشہیر کے لیے ترکی پہنچے تھے، تاہم اب وہ واپس ہندوستان پہنچ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کا نیا اسٹار سامنے آگیا

ڈی این اے انڈیا کے مطابق ہندوستان واپسی پر انہوں نے اپنی سپر بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ کی ٹیم اور کاسٹ کے لیے ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا، جس میں ان کی پہلی اور دوسری فلم کی ٹیم نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں انہوں نے ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کی تشہیر کے دوان ممبئی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ اب فلم انڈسٹری میں مرد و خواتین کے درمیان معاوضوں کا ذیادہ فرق نہیں رہا، اور نہ ہی ہر مرد اداکار کو اداکارہ سے ذیادہ معاوضہ ملتا ہے۔

مسٹر پرفیکشنسٹ کا کہنا تھا کہ اب بولی وڈ میں خواتین کے مرکزی کرداروں پر مبنی فلمیں بھی بننے لگی ہیں، انہوں نے مثال دیتے ہوئے کنگنا رناوٹ کی فلموں ’کوئین‘ اور سمرن کا نام بھی لیا۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کی فلم ’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ بھی خواتین سے متعلق فلمیں ہی ہیں، جب کہ اب ممبئی میں ان شعبوں میں بھی خواتین نوکری کرتی نظر آتی ہیں، جن میں پہلے خواتین کی نمائندگی کم ہوتی تھی۔

خیال رہے کہ ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کو رواں ماہ 20 اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سیکریٹ سپراسٹار: عامر ’فلرٹ موسیقار‘ بنیں گے

فلم میں عامر خان ایک موسیقار کے روپ میں نظر آئیں گے، فلم کی کہانی ایک کم عمر مسلمان لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جسے گلوکارہ بننے کی خواہش ہوتی ہے۔

فلم کے ٹریلر اور گانے اب تک شائقین میں مقبول ہوچکے ہیں، گزشتہ روز بھی فلم کا گانا’ سیکسی بلیے‘ ریلیز کیا گیا تھا، جسے اب تک 26 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں