'ثناء کےانتقال کے بعد کئی بار خودکشی کی کوشش کی'

13 اکتوبر 2017
بابر خان اپنی دوسری اہلیہ بسمہ اور بچوں کے ساتھ —فوٹو بشکریہ/جیو فیس بک پیج
بابر خان اپنی دوسری اہلیہ بسمہ اور بچوں کے ساتھ —فوٹو بشکریہ/جیو فیس بک پیج

پاکستانی اداکار بابر خان اپنی زندگی میں پیش آنے والے سب سے بڑے سانحے— کار حادثے میں اہلیہ کی وفات کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کافی غمگین ہوگئے۔

انہوں نے حال ہی میں نجی چینل جیو ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں میزبان شائستہ لودھی نے بابر خان سے ان کی پہلی اہلیہ ثناء خان کے انتقال کے بعد ان کی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کے حوالے سے سوالات کیے۔

خیال رہے کہ ٹی وی اداکارہ اور ماڈل ثناء خان 2014 میں ایک روڈ ایکسیڈنٹ کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئی تھیں۔

مزید پڑھیں: ٹی وی اداکارہ اور ماڈل ثناء خان کار حادثے میں ہلاک

وہ اپنے شوہر اداکار بابر خان کے ہمراہ کراچی سے حیدرآباد جارہی تھیں کہ سپر ہائی وے پر لونی کوٹ کے قریب ان کی کار حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں دونوں کو شدید زخم آئے اور ثناء زندگی کی بازی ہار گئی تھیں۔

بابر خان اور ثناء کی شادی 2013 دسمبر میں ہوئی تھی —۔
بابر خان اور ثناء کی شادی 2013 دسمبر میں ہوئی تھی —۔

اس سانحے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بابر خان نے بتایا کہ انہوں نے ثناء کے انتقال کے بعد بہت مرتبہ خودکشی کرنے کی کوشش کی، کبھی نیند کی گولیاں کھائیں اور کبھی دیگر طریقے آزمانے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں: الوداع، ثناء خان

ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے بابر خان نے بتایا، ’ثناء کے انتقال کے بعد گھر والے مجھے اکیلا نہیں چھوڑتے تھے کہ کہیں میں کچھ کر نہ لوں، ایک دن میں نے اپنے گھر والوں سے کہا کہ مجھے ثناء کی قبر پر جانا ہے، لیکن میرے ساتھ زیادہ لوگ نہ جائیں صرف ایک دوست اور کزن میرے ساتھ گیا، میں نے قبرستان پہنچ کر وہاں ایک قریبی میڈیکل اسٹور سے نیند کی گولیاں لیں اور وہ ساری کھا کر جلدی سے میں ثناء کی قبر پر پہنچ گیا تاکہ مجھے وہیں موت آجائے، بس میں اس کی قبر پر پہنچا تو بےہوش ہوگیا، پھر میری آنکھ تین دن بعد کھلی جب میرا اعلاج ہورہا تھا‘۔

بابر خان نے یہ بھی بتایا کہ وہ ثناء کے انتقال کے 9 ماہ بعد تک لگاتار ان کی قبر پر جاتے اور اللہ سے صرف اپنی موت کی دعائیں مانگتے تھے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ثناء روز ان کے خواب میں آتی تھیں اور دور کھڑی مسکراتے ہوئے انہیں دیکھتی رہتی تھیں۔

اس دوران شو میں بابر خان کی والدہ، دوسری اہلیہ اور ان کے بچے بھی موجود تھے۔

ان کی والدہ نے اُس وقت کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ بابر ان کا ایک ہی بیٹا ہے اور انہیں اس بُرے حال میں دیکھ کر وہ بالکل ختم ہوچکی تھیں۔

ثناء نے ڈرامہ سیریل ' پرچھائیاں ' میں اپنے غیر معمولی کام سے شہرت حاصل کی تھی —۔
ثناء نے ڈرامہ سیریل ' پرچھائیاں ' میں اپنے غیر معمولی کام سے شہرت حاصل کی تھی —۔

بابر کی والدہ نے بتایا کہ ’میں نے بہت کوشش کی کہ بابر کو بہتر کرسکوں مگر وہ ٹوٹ چکا تھا، لیکن مجھے سب نے مشورہ دیا کہ اس کو زندگی کی طرف واپس لانے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ وہ دوسری شادی کرلے جس کے بعد میں نے اپنی بھتیجی بسمہ سے بابر کی شادی کروائی‘۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بابر کو دوسری شادی کے لیے تیار کرنا کافی مشکل تھا۔

اس موقع پر بابر خان کی دوسری اہلیہ بسمہ نے بتایا کہ انہیں شادی کے آغاز میں بابر کو سمجھنے میں کافی مشکلات کا سامنا ہوا، لیکن جیسے جیسے وقت گزرتا رہا وہ انہیں سمجھتی رہیں اور جب ان کی بیٹی ہوئی تو بابر بالکل تبدیل ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ستارے جو جلد ہی ٹوٹ گئے

بابر خان اور بسمہ کے دو بچے ہیں، بیٹی مریم اور بیٹا ابراہیم۔

میزبان شائستہ نے یہ بھی بتایا کہ بسمہ نے میٹرک ہی کیا تھا کہ ان کی شادی ہوگئی اور شادی کے بعد بسمہ نے انٹر کی تعلیم مکمل کی۔

لوگوں نے بابر پر یہ تنقید بھی کی تھی کہ انہوں نے ایک چھوٹی عمر کی لڑکی سے شادی کی، جس پر شائستہ نے کہا کہ ہم ہمیشہ دوسروں پر تنقید کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں لیکن ان کے مشکل وقت میں ساتھ کھڑے نہیں ہوتے۔

آج بابر اپنی زندگی میں بےحد خوش ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اور بسمہ ہمیشہ ایسے ہی خوش رہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں