وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک کو آگے بڑھنے اور ترقی کے لیے جہموریت کو بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرے گا۔

وزیراعظم نے کراچی میں میرین گروپ آف کمپنیز کے تعاون سے مکمل ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل (پی آئی بی ٹی) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'مسلم لیگ(ن) کی حکومت لوگوں کے جیب میں پیسے ڈالتی ہے پیسے نکالتی نہیں اور کاروبار کو ترقی دیتی ہے لیکن اس سب کے لیے ایک بنیادی عنصر جمہوریت ہے'۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 'جمہوریت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرے گا یہ بنیادی بات ہے اگر ہم اس کو سمجھ لیں تو معاملہ آگے بڑھے گا کیونکہ جب بھی آمریت آئی ہے ملک نے ترقی نہیں کی ہے، ہماری جمہوریت میں خرابیاں ضرور ہوں گے لیکن جمہوریت ایک عمل ہے اور یہ عمل چلے گا تو خرابیاں دور ہوں گی'۔

مزید پڑھیں:پاکستان کی ترقی کیلئے جمہوریت کے سوا دوسرا راستہ نہیں، وزیراعظم

انھوں نے کہا کہ 'فیصلےعوام کے پاس ہوتے ہیں ، فیصلے عوام کے پاس ہونے چاہئیں کہ عوام فیصلہ کرے کہ کون حکومت میں آئے گا اور کارکردگی دکھائے گا وہ حکومت کرے گا اور جو نہیں کرسکے گا اس کو گھر بھیج دیا جائے گا اور یہی پاکستان کے عوام نے کیا ہے'۔

معاشی ترقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے حوالے سے چیلنجز ضرور ہیں لیکن ان کا مقابلہ کیا جائے گا اور مسائل کو حل کیا جائے گا اور امید ہے کہ جمہوریت کے تسلسل سے ملک ترقی کرے گا اور ہم پاکستان کو ایک بہتر مستقبل دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:’حکومت جاتی ہے تو جائے، جمہوریت نہیں جانے دیں گے‘

پورٹ قاسم میں پی آئی بی ٹی کے افتتاح کے بعد منصوبے کی تکمیل پر وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ میرحاصل بزنجو، چیئرمین میرین گروپ آف کمپنیز کیپٹن (ر) حلیم صدیقی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر آف پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل شارق صدیقی اور دیگر حکام کو مبارک باد دی ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 4 سال کے عرصے میں یہ منصوبہ مکمل ہوا ہے حالانکہ ماضی میں حکومتیں جو منصوبے شروع کرتی تھیں وہ مکمل نہیں ہوتے تھے اور یہ منصوبہ بھی کوئی چھوٹا منصوبہ نہیں بلکہ 285 ملین ڈالر کا منصوبہ ہے جہاں سے سیمنٹ کی برآمد ہوگی۔

شاہد خاقان عباسی نے لواری ٹنل کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ آج سے 40 برس یا اس سے بھی قبل جب میں اسکول میں پڑھتا تھا اس وقت ذوالفقار علی بھٹو نے اس منصوبے کا افتتاح کیاتھا لیکن اس منصوبے کو بھی نواز شریف کی حکومت نے مکمل کیا اور یہ واحد حکومت ہے جس نے منصوبے شروع کیے اور مکمل بھی کر لیے۔

مزید پڑھیں:'اصلاحات کے نتیجے میں میکرواکنامک شعبے میں شاندار ترقی ہوئی'

تقریب سے وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو، چیئرمین میرین گروپ آف کمپنیز کیپٹن (ر) حلیم صدیقی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر آف پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل شارق صدیقی، چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی آغا جان اختر، صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری زبیر طفیل نے بھی خطاب کیا جبکہ گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر مملکت پورٹس اینڈ شپنگ چوہدری جعفر اقبال، سیکریٹری پورٹس اینڈ شپنگ ممتاز علی شاہ سمیت کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی ۔

تبصرے (0) بند ہیں