سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے دعویٰ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما پیپرز کیس کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے دورانِ تفتیش میرا استحصال کرتے ہوئے انسانیت سوز رویہ اختیار کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حسن ابدال کے قریب سالک آباد میں دربار عظیمیہ پر عرس کے دوران شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر اٹک کے ڈپٹی کمشنر رانا حیات بھی موجود تھے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر نے جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’واجد صاحب، آپ کی جِلد نمبر 10 بند ہو چکی ہے لیکن اب ہماری جِلد 11 اور 12 کھلیں گی جو کبھی بھی بند نہیں ہوں گی‘۔

کیپٹن (ر) صفدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے اس لیے نااہل کیا گیا کیونکہ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت اور معاشی طور پر مستحکم بنایا۔

مزید پڑھیں: نواز شریف، کیپٹن صفدر کی تقریر کا نوٹس لیں: عاصمہ جہانگیر

کسی شخص یا ادارے کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ ’ہمارے مشکل وقت میں کئی دوست ہمارا ساتھ چھوڑ گئے‘۔

رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا وہ پارلیمانی سیاست میں اس لیے داخل ہوئے ہیں تاکہ ختم نبوت کا تحفظ کرسکیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو پھیلائیں۔

اس موقع پر انہوں نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل میں ملوث اور سزائے موت پانے والے ممتاز قادری کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ شرکاء سے سابق وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی بھی درخواست کی جو اس وقت لندن کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران احمدیوں کو ملک کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے فوج میں ان کی بھرتیوں پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ایوان میں اپنی تقریر کے دوران کیپٹن (ر) صفدر نے یہ بھی کہا تھا کہ قائداعظم یونیورسٹی میں ڈاکٹر عبدالسلام سے منسوب فزکس ڈپارٹمنٹ کا نام تبدیل نہ کیا گیا تو وہ اس پر احتجاج کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب ریفرنس: مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منظور

انھوں نے عدلیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عدالتوں میں بیٹھے لوگوں سے بھی ختمِ نبوت کے سرٹیفکیٹ لیے جائیں۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے اپنے داماد اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر کے احمدیوں کی مخالفت میں دیئے گئے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اقلیت مخالف بیان کا حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی پالیسی اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی کیپٹن (ر) صفدر کے بیان سے لا تعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) یا نواز شریف، کیپٹن (ر) صفدر کے احمدیوں کے حوالے سے دیئے گئے بیان کے ذمہ دار نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں