’سنی وہ پہلا شخص تھا جو ایکسیڈنٹ کے بعد مجھے دیکھنے آیا‘

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2017
ہیما مالنی، بوبی دیول اور سنی دیول کی سوتیلی ماں ہیں —۔
ہیما مالنی، بوبی دیول اور سنی دیول کی سوتیلی ماں ہیں —۔

بولی وڈ انڈسٹری کے حوالے سے یہ تاثر عام ہے کہ لوگ رشتوں کو اہمیت نہیں دیتے اور اگر رشتے سوتیلے ہوں تو وہ اور بھی زیادہ سوالات کی زد میں آتے ہیں۔

ایسا ہی رشتہ بولی وڈ کی معروف اداکارہ ہیما مالنی اور اداکار سنی دیول اور بوبی دیول کا ہے۔

ہیما سے اکثر و بیشتر اپنے سوتیلے بیٹوں سنی دیول اور بوبی دیول کے ساتھ تعلق پر سوالات کیے جاتے ہیں، جن کے جوابات اس بار انہوں نے میڈیا کو کُھل کر دیے۔

دپیکا پڈوکون نے ہیما مالنی کی سوانح حیات پر مبنی کتاب لانچ کی —فوٹو/ اے ایف پی
دپیکا پڈوکون نے ہیما مالنی کی سوانح حیات پر مبنی کتاب لانچ کی —فوٹو/ اے ایف پی

69 سالہ ہیما مالنی کی سالگرہ کے موقع پر ان کی سوانح حیات پر مبنی کتاب کی تقریب اجراء منعقد کی گئی، جہاں ان کی فیملی بھی ان کے ہمراہ موجود تھی۔

میڈیا نے ہیما مالنی سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے اپنے سوتیلے بیٹوں کے حوالے سے کتاب میں کچھ لکھا؟ جس پر اداکارہ نے سنی دیول کے حوالے سے ایک خوبصورت واقعہ میڈیا سے شیئر کیا۔

دپیکا پڈوکون اس ایونٹ میں سرخ رنگ کی ساڑھی میں نہایت خوبصورت نظر آئیں —فوٹو/ اے ایف پی
دپیکا پڈوکون اس ایونٹ میں سرخ رنگ کی ساڑھی میں نہایت خوبصورت نظر آئیں —فوٹو/ اے ایف پی

ہیما مالنی نے کہا کہ ان کا سنی دیول اور بوبی دیول دونوں کے ساتھ ایک خوبصورت رشتہ ہے۔

مزید پڑھیں: ہیما مالنی کار حادثے میں زخمی

ہیما مالنی کا کہنا تھا، ’ہر کوئی سوچتا ہے میرا اپنے سنی کے ساتھ کیسا تعلق ہوگا، یہ رشتہ بہت خوبصورت ہے، جب بھی مجھے ضرورت پڑتی ہے، سنی دھرم جی (دھرمندر) کے ساتھ میرے پاس موجود ہوتا ہے‘۔

ہیما نے اپنی 69ویں سالگرہ دپیکا پڈوکون اور بیٹیوں کے ہمراہ منائی —فوٹو بشکریہ/ ہندوستان ٹائمز
ہیما نے اپنی 69ویں سالگرہ دپیکا پڈوکون اور بیٹیوں کے ہمراہ منائی —فوٹو بشکریہ/ ہندوستان ٹائمز

انہوں نے بتایا، ’2015 میں جب میرا کار ایکسیڈنٹ ہوا تھا تو سنی وہ پہلا شخص تھا جو مجھے گھر دیکھنے آیا، اس نے ہر بات کا خیال رکھا کہ ایک اچھا ڈاکٹر مجھے دیکھے، میرا اعلاج ٹھیک سے ہو، اس سے ہی سب کو اندازہ ہوسکتا ہے کہ ہمارا رشتہ کیسا ہے‘۔

'ڈریم گرل' کہلائی جانے والی ہیما مالنی کی سوانح حیات پر مبنی کتاب رام کمل مکھرجی نے تحریر کی، جسے دپیکا پڈوکون نے لانچ کیا۔

ہیما مالنی اور دپیکا پڈوکون ایک ساتھ موجود ہیں — فوٹو/ اے ایف پی
ہیما مالنی اور دپیکا پڈوکون ایک ساتھ موجود ہیں — فوٹو/ اے ایف پی

خیال رہے کہ دپیکا پڈوکون نے بولی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 2007 میں فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے کیا تھا، اس فلم میں انہیں ڈریمی گرل کہا گیا تھا۔

تقریب اجراء کے موقع پر دپیکا پڈوکون نے ہیما مالنی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’ہیما مالنی صرف ہم اداکاراؤں کو ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ہر نوجوان لڑکی کو متاثر کرتی ہیں، میں ان کی بہت بڑی مداح ہوں، اگر میں دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود ہوتی، اس کے باوجود یہاں آج ضرور آتی‘۔

دپیکا پڈوکون اس وقت اپنی فلم ’پدماوتی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں — فوٹو/ اے ایف پی
دپیکا پڈوکون اس وقت اپنی فلم ’پدماوتی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں — فوٹو/ اے ایف پی

ہیما مالنی کو ماضی کی نمبر ون اداکارہ کہا جاتا ہے اور اب دپیکا پڈوکون اس وقت بولی وڈ کی نمبر ون اداکارہ کے طور پر پہچانی جارہی ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

SARDAR FAROOQ KARIM Oct 17, 2017 02:05pm
Good?