جذباتی فلمیں یا ڈرامے صحت کے لیے بہترین

19 اکتوبر 2017
یہ بات اٹلی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات اٹلی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

اگر تو آپ کو المیہ اور جذباتی فلمیں یا ڈرامے دیکھنا اور آنسو بہانا پسند ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ یہ عادت صحت کے لیے بہت اچھی ہے۔

یہ بات اٹلی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

سائنا یونیورسٹی ہاسپٹل کی تحقیق میں بتایا گیا کہ آنسو بہانا درحقیقت جسم کے اندر قدرتی طور پر ذہنی تناﺅ کی روک تھام کرنے والے کیمیکلز کے اخراج کا باعث بنتا ہے۔

مزید پڑھیں : پیاز کاٹنے پر آنسو کیوں بہنے لگتے ہیں؟

تحقیق کے مطابق جب آنسو نرمی اور آہستگی سے گالوں پر رینگتے ہیں تو اس سے ایک مالش جیسا اثر پیدا ہوتا ہے اور تناﺅ میں کمی لانے والے جز اینڈروفینز کا اخراج ہوتا ہے جس سے اچھا محسوس ہونے لگتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ آنسو بہانا لوگوں کے مزاج کو بھی خوشگوار بناتے ہیں جو کہ کسی بھی موقع پر دیکھے جاسکے ہیں جیسے کوئی المیہ یا رومانوی فلم، کسی بچے کی پیدائش یا کوئی بڑی کامیابی وغیرہ۔

یہ بھی پڑھیں : آنسو بہانے پر مجبور کردینے والی فلمیں

تحقیق میں بتایا گیا کہ آنسو بہانا رونے سے بالکل ہٹ کر ہے۔

بلند آواز یا ماتم کے ساتھ رونا اکثر درد کا ردعمل ہوتا ہے جبکہ آنسو بہانا انسانوں میں ایک منفرد خوبی ہے جو دکھ یا خوشی کے احساس کا اظہار کرتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ یہی وجہ ہے کہ خواتین اکثر ڈرامے یا فلمیں دیکھتے ہوئے آنسو بہانے لگتی ہیں کیونکہ اس سے انہیں ذہنی تناؤ میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے جبکہ مردوں میں یہ رجحان کم ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران آنسوﺅں کے حوالے سے مختلف خیالات کا تجزیہ کرکے یہ نتیجہ نکالا گیا۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے نیو آئیڈیاز ان سائیکولوجی میں شائع ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں