اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان پر نظر رکھنے کے لیے بھارت سے بھی مدد لے سکتا ہے کیونکہ واشنگٹن خطے میں ایسی حکومت کو برداشت نہیں کرے گا جو دہشت گردوں کو پناہ دیتی ہے۔

اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی — فوٹو / ڈان اخبار
اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی — فوٹو / ڈان اخبار

واشنگٹن میں 'امریکا بھارت فرینڈشپ کونسل' سے خطاب کرتے ہوئے نکی ہیلی نے بھارت کو تجویز دی کہ اگر وہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا مستقل رکن بننا چاہتا ہے تو اسے چاہیے کہ سیکیورٹی کونسل کے موجودہ ویٹو ڈھانچے میں دخل اندازی نہ کرے۔

نئی دہلی میں واشنگٹن کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی وضاحت کرتے ہوئے بھارتی نژاد امریکی سیاست دان کا کہنا تھا کہ امریکا کو افغانستان میں امن قائم کرنے کے لیے بھارت کی مدد کی ضرورت ہے جبکہ امریکا، افغان جنگ کے جلد خاتمے کے لیے جنوبی ایشیا کی اس طاقت ور ریاست کی جانب مدد کے لیے دیکھ رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت، افغانستان کے بنیادی ڈھانچے اور تعمیر نو کے لیے دی جانے والی امداد کے تناظر میں امریکا کی مدد کر سکتا ہے بلکہ بھارت پڑوسی ملک پاکستان پر نظر رکھنے کے لیے بھی امریکا کی مدد کر سکتا ہے۔

نکی ہیلی نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے اپنی جانب سے بنیادی کام کر لیے ہیں تاہم ہمیں یہ باور کرانے کی ضرورت ہے کہ ہم انہیں (پاکستان کو) جوابدہ بنائیں جس کے لیے بھارت ہماری مدد کرنے جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: ’بھارت، افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث‘

امریکی سفیر برائے اقوامِ متحدہ نے واضح کیا کہ امریکا ایٹمی ہتھیاروں کو دہشت گردوں کے ہاتھوں میں جانے سے روکنے کے لیے جنوبی ایشیا میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے امریکا اپنے تمام معاشی، سفارتی اور فوجی وسائل کو بروئے کار لائے گا۔

پاک-امریکا تعلقات پر بات چیت کرتے ہوئے نکی ہیلی نے کہا کہ اسلام آباد اور واشنگٹن طویل عرصے سے عالمی سطح پر شراکت دار ہیں لیکن امریکا، پاکستان میں یہ حکومت یا پھر ایسی کوئی حکومت برداشت نہیں کرے گا جو دہشت گردوں کو مبینہ طور پر محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتے ہیں جو امریکیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکا پاکستان اور بھارت کے ساتھ علیحدہ علیحدہ تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکا کے نئے نقطہ نظر میں پاکستان اور بھارت کی جانب سے افہام و تفہیم اور تحمل کی ضرورت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان کو نئی امریکی پالیسی میں بھارتی کردار پر تشویش‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا افغانستان میں امن و استحکام کے لیے بھارتی کردار کو سراہتا ہے جبکہ واشنگٹن کی یہ خواہش ہے کہ بھارت افغانستان میں امن و استحکام کے حوالے سے اپنا کردار جاری رکھے۔

اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں بھارت کی مستقل رکنیت کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کونسل کے 5 مستقل ارکان میں سے 2 ارکان (چین اور روس) سیکیورٹی کونسل کے موجودہ ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی مخالفت کر رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ مخالفت سیکیورٹی کونسل کے ڈھانچے کی تبدیلی نہیں بلکہ ویٹو پاور کا استعمال ہے۔


یہ خبر 19 اکتوبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں