ہولی وڈ اداکارہ و گلوکارہ لنزی لوہان نے کہا ہے کہ ’جب ان کے منگیتر نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی تو ان کے حق کے لیے کسی ایک خاتون نے بھی آواز نہیں اٹھائی‘۔

خیال رہے کہ 31 سالہ اداکارہ لنزی لوہان اورروسی نژاد برطانوی ارب پتی کاروباری شخص ایگور ترابسوو کے درمیان 2015 کے بعد قربتوں کی خبریں آئی تھیں۔

22 سالہ ایگور ترابسوو اور لنزی لوہان کے درمیان لندن میں پہلی ملاقات ہوئی، جس کے بعد دنوں میں قربتیں بڑھیں، اور خبریں تھیں کہ دونوں نے منگنی بھی کرلی، جو زیادہ کامیاب نہ ہوسکی۔

لنزی لوہان اور ایگور ترابسوو کی خبریں کافی عرصے تک میڈیا کی زینت بنی رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیا واقعی لنزی لوہان قرآن کا مطالعہ کررہی ہیں؟
ایگور ترابسوو اور لنزی لوہان کے درمیان تنازع کی خبریں بھی میڈیا کی زینت رہیں—فائل فوٹو: یو ایس ویکلی
ایگور ترابسوو اور لنزی لوہان کے درمیان تنازع کی خبریں بھی میڈیا کی زینت رہیں—فائل فوٹو: یو ایس ویکلی

اداکارہ اور ارب پتی روسی کاروباری شخص کے درمیان تنازع اور جھگڑے کی خبریں بھی میڈیا کی زینت بنتی رہیں۔

اب جب کہ ہولی وڈ کی کئی اداکارائیں یا پھر امریکا و برطانیہ کی دیگر خواتین ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کی جانب سے خواتین کو مبینہ طور پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے خلاف بول رہی ہیں تو لنزی لوہان نے شکایت کی ہے کہ جب ان کے ساتھ ظلم ہو رہا تھا تو اس کی کسی خاتون نے مدد نہیں کی۔

فاکس نیوز نے اپنی خبر میں بتایا کہ لنزی لوہان نے اپنے انسٹاگرام پر اپنی ایک شیئر تصویر کی، جس میں انہوں نے شکایت کی کہ جب وہ اپنے منگیتر ایگور ترابسوو کی جانب سے بدسلوکی کا نشانہ بنیں تو کسی امریکی خاتون نے ان کی مدد نہیں کی۔

لنزی لوہان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی پر کسی پر کوئی فرق نہیں پڑا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں ان کے معاملے پر آواز نہ اٹھانے والی خواتین کو نام نہاد بھی کہا۔

مزید پڑھیں: لنزی لوہان سے حجاب اتارنے کا مطالبہ

لنزی لوہان نے جس انسٹاگرام پوسٹ پر یہ باتیں لکھیں تھی، اب اس کو اپڈیٹ کرکے مختصر کردیا گیا ہے، تاہم برطانوی اخبار ڈیلی میل نے ان کی پہلی شیئرنگ کا اسکرین شاٹ شائع کیا ہے، جس میں ان کی جانب سے کہی گئی باتیں پڑھی جاسکتی ہیں۔

لنزی لوہان کی جانب سے کی گئی پوسٹ کا اسکرین شاٹ—بشکریہ ڈیلی میل
لنزی لوہان کی جانب سے کی گئی پوسٹ کا اسکرین شاٹ—بشکریہ ڈیلی میل

خیال رہے کہ لنزی لوہان کی جانب سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب کہ گزشتہ ہفتے ہی انہوں نے متعدد اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے والے ہاروی وائنسٹن کے حق میں بات کی تھی۔

لنزی لوہان نے گزشتہ ہفتے اپنے انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت دبئی میں ہیں، اور وہ ہاروی وائنسٹں معاملے پر برا محسوس کر رہی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں