سپر اسٹار شان کی آنے والی پاکستانی فلم ’ارتھ ٹو‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

خیال رہے کہ ’ارتھ ٹو‘ دراصل بولی وڈ کی 1982 میں آنے والی فلم ’ارتھ‘ کا سیکوئل ہے، جسے 35 سال بعد پاکستان اور ہندوستان مشترکہ طور پر بنا رہے ہیں۔

’ارتھ ٹو‘ ہے تو بولی وڈ کی ہندی فلم کا اردو سیکوئل، مگر یہ مکمل طور پر پاکستانی فلم ہے، جسے فلم ساز مہیش بھٹ کی بھی حمایت حاصل ہے۔

1982 میں بننے والی ’ارتھ‘ کو مہیش بھٹ نے بنایا تھا، فلم نے خوب بزنس کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہمایوں سعید 'ارتھ ٹو' کا حصہ بنیں گے

’ارتھ ٹو‘ میں شان، ہمایوں سعید، محب مرزا، حمیمہ ملک اور عظمی حسن سمیت دیگر کاسٹ شامل ہے۔

قریباً تین منٹ دورانیے کے ٹریلر کو دیکھ کر فلم کی کہانی کو سمجھنا ممکن نہیں، تاہم اندازا ہوتا ہے کہ فلم میں جذبات اور رومانس کا کردار زیادہ ہے۔

ٹریلر میں تقریبا فلم کی تمام مرکزی کاسٹ کو دکھایا گیا ہے۔

فلم کا پہلا پوسٹر 2014 میں جاری کیا گیا تھا—پرومو فوٹو
فلم کا پہلا پوسٹر 2014 میں جاری کیا گیا تھا—پرومو فوٹو

فلم میں شان ایک گلوکار، حمیمہ ملک سپر ماڈل، عظمٰی حسن لکھاری اور محب مرزا فلم ساز کے کردار میں نظر آئیں گے۔

ٹریلر میں ان تمام کرداروں کو اپنے اپنے کیریئر کو شروع کرنے اور پروفیشن کو کامیابیوں تک لے جانے کی جستجو سمیت جذباتی مسائل سے دوچار بھی دکھایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فلم 'ارتھ ٹو' کا پہلا پوسٹر جاری

خیال رہے کہ ’ارتھ ٹو‘ کی ہدایات اداکار شان دے رہے ہیں جبکہ اس کے پروڈیوسر فرحاد ہمایوں ہوں گے۔

اس فلم کی شوٹنگ 2014 سے جاری تھی، جو اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔

فلم کو رواں برس 21 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا، فلم میں راحت فتح علی خان کی آواز بھی شامل ہوگی۔

امید کی جارہی ہے کہ ’ارتھ ٹو‘ کو ہندوستان میں پاک-بھارت مشترکہ تعاون سے بنائی جانے والی فلم کے طور پر ریلیز کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں