’ہم جانتے ہیں شاہ رخ خان ہی آپ کی دوا ہیں‘

21 اکتوبر 2017
کینسر کے مرض میں مبتلا خاتون کی آخری خواہش صرف بولی وڈ کنگ سے ملنے کی ہے —۔
کینسر کے مرض میں مبتلا خاتون کی آخری خواہش صرف بولی وڈ کنگ سے ملنے کی ہے —۔

سوشل میڈیا کی دنیا میں اب سب کچھ ممکن ہے اور ٹوئٹر صارفین ارونا نامی کینسر کی مریضہ کی آخری خواہش پوری کرنے کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

ہندوستان کی ایک رہائشی ارونا سالوں سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور ان کی آخری خواہش صرف بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان سے ملاقات ہے۔

وہ اپنے مرض کے حوالے سے ٹوئٹر پر ایکٹو رہتی ہیں، اس کے علاوہ وہ شاعری بھی کرتی ہیں، جسے وہ اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتی رہتی ہیں، ان کے فالوورز کی تعداد 10 ہزار کے قریب ہوچکی ہے۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ کے مداح نے فلم 'فین' کا ذاتی ٹریلر بنا ڈالا

ارونا نے اپنی ٹوئیٹ میں کنگ خان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاہ رخ خان کے پیار سے بڑھ کر کسی کا پیار نہیں، اگر میں شاہ رخ خان سے مل لوں گی تو بالکل ٹھیک ہوجاؤں گی‘۔

رواں سال مارچ میں ارونا کو کینسر سے لڑتے ہوئے 6 سال مکمل ہوئے جب ان کی ایک ٹوئیٹ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی، جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’میں ڈاکٹرز، اپنی فیملی اور دوستوں کی بےحد شکر گزار ہوں اور شاہ رخ خان کا بھی شکریہ کیوں کہ وہ میری طاقت کی وجہ بنے اور یہ بات وہ جانتے بھی نہیں‘۔

ارونا کی مسکراتی ہوئی تصویر نے ٹوئٹر صارفین کا دل جیت لیا اور ان کا ساتھ دینے والوں نے ٹوئٹر پر اس امید کے ساتھ #SRKmeetsAruna کے ٹرینڈ کا آغاز کردیا کہ شاید یہ شاہ رخ خان کی نظر سے گزرے اور وہ اپنی سب سے بڑی مداح کی زندگی کی آخری خواہش پوری کرتے ہوئے ان سے ملاقات کرلیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ نے اپنے مداحوں کو بیوقوف بنا ڈالا

ایک صارف نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا، ’شاہ رخ خان آپ بہت سے لوگوں کے لیے انسپریشن ہیں اور اسی طرح ارونا بھی بہت سے لوگوں کی انسپریشن ہیں، پلیز آپ ان سے ملاقات کریں‘۔

صارفین نے ارونا اور شاہ رخ خان کا ایک اسکیچ بھی تیار کیا جس میں یہ دونوں ایک ساتھ موجود ہیں۔

کچھ صارفین نے دوسری اہم شخصیات جیسے دلیپ کمار اور شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان سے گزارش کی کہ وہ شاہ رخ خان کی ارونا سے ملاقات کروائیں۔

تاہم کئی صارفین اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ ارونا کے پاس بہت کم وقت ہے اور کہیں ان کی شاہ رخ خان سے ملاقات کی آخری خواہش ادھوری نہ رہ جائے۔

ایک صارف نے کہا ’ہم جانتے ہیں شاہ رخ خان ہی آپ کی دوا ہیں‘۔

ہمیں امید ہے کہ شاہ رخ خان اپنی مداح ارونا سے جلد از جلد ملاقات کریں تاکہ ارونا کا خواب ادھورا نہ رہ جائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں