ڈونلڈ ٹرمپ کی 29 سالہ ڈائریکٹرکمیونی کیشن کے چرچے

22 اکتوبر 2017
ہوپ ہکس کی تقرری کا اعلان گزشتہ ماہ کیا گیا تھا—فائل فوٹو: نیویارک ٹائمز
ہوپ ہکس کی تقرری کا اعلان گزشتہ ماہ کیا گیا تھا—فائل فوٹو: نیویارک ٹائمز

ویسے تو 71 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کی زیادہ تر ٹیم نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

ان کی نوجوان ٹیم میں ان کے 36 سالہ داماد جیرڈ کشنر جو صدر کے سینیئر ایڈوائزر ہیں سمیت وائٹ ہاؤس کی بغیر تنخواہ کی ملازم 35 سالہ ایوانکا ٹرمپ بھی شامل ہیں جو ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی صاحبزادی ہیں۔

عمر رسیدہ امریکی صدر کی نوجوان ٹیم کے دیگر ارکان میں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری 36 سالہ سارہ ہیکبی سینڈرس بھی شامل ہیں، اور اب ان کی ینگ ٹیم میں مزید ایک لڑکی شامل ہوگئی، جو دیگر تمام جوانوں سے بھی زیادہ جوان ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹیم میں 29 سالہ ہوپ ہکس کو بھی شامل کرلیا ہے، جو وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر کمیو کیشن کی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔

ہوپ ہکس ماضی میں ماڈلنگ بھی کرچکیں—فوٹو: ہفنگٹن پوسٹ
ہوپ ہکس ماضی میں ماڈلنگ بھی کرچکیں—فوٹو: ہفنگٹن پوسٹ

یہ وہ عہدہ ہے جس سے ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ 6 ماہ کے دوران 46 سالہ سین اسپائسر اور اتنی ہی عمر کے اینتھونی اسکارا کو عہدوں سے الگ کرچکے ہیں۔

اگرچہ سین اسپائسر وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری بھی تعینات رہے، تاہم وہ کچھ عرصہ ڈائریکٹر کمیونی کیشن بھی رہے۔

سلیبرٹی انسائیڈر کے مطابق اب ڈونلڈ ٹرمپ نے 29 سالہ ہوپ ہکس کو اس اہم ترین عہدے پر عارضی بنیادوں پر فائز کیا ہے، ان کی تقرری کا اعلان گزشتہ ماہ ستمبر میں ہی کردیا گیا تھا۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ نوجوان ہوپ ہکس کسی سیاسی، حکومتی وریاستی عہدے پر خدمات سرانجام دیں گی، اس سے قبل وہ 2016 میں ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم چلانے والی ٹیم کا حصہ تھیں۔

سارہ ہیکبی سینڈرس وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری ہیں—فوٹو: واشنگٹن پوسٹ
سارہ ہیکبی سینڈرس وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری ہیں—فوٹو: واشنگٹن پوسٹ

ہوپ ہکس ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم چلانے والی ٹیم کا حصہ بننے سے قبل ٹرمپ آرگنائیزیشن کی ملازمہ تھیں، انہیں 2014 میں ایوانکا ٹرمپ نے اپنی فیشن کمپنی میں ملازم کے طور پر بھرتی کیا تھا۔

ہوپ ہکس امریکی ریاست کنیکٹی کٹ میں پیدا ہوئیں، اور وہیں تعلیم حاصل کی، تعلیم مکمل ہونے کے بعد ہوپ ہکس نے ماڈلنگ کا آغاز کیا، لیکن جلد ہی ایوانکا ٹرمپ کی فیشن کمپنی سے منسلک ہوگئیں۔

جیرڈ کشنر ڈونلڈ ٹرمپ کے سینیئر ایڈوائزر ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
جیرڈ کشنر ڈونلڈ ٹرمپ کے سینیئر ایڈوائزر ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

ایوانکا ٹرمپ کی کمپنی میں ملازمت اختیار کرنے کے بعد جب وہ ٹرمپ ٹاور پہنچیں تو جلد ہی انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کا اعتماد حاصل کرلیا، اور وہ ان کے ساتھ متعدد میٹنگز میں دیکھی گئیں۔

معروف امریکی میگزین فوربز نے رواں برس باثر انڈر 30 کی فہرست میں ہوپ ہکس کا نام بھی شامل کیا تھا۔

نوجوان ترین لڑکی کو وائٹ ہاؤس کا کمیونی کیشن ڈائریکٹر تعینات کیے جانے کے بعد ہوپ ہکس کے امریکی میڈیا اور سوشل میڈیا پر چرچے ہیں۔

ایوانکا ٹرمپ بھی اپنے والد کی ٹیم کا حصہ ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
ایوانکا ٹرمپ بھی اپنے والد کی ٹیم کا حصہ ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

تبصرے (0) بند ہیں