بھارت نے دس سال بعد ایشیا کپ جیت لیا

22 اکتوبر 2017
ایشیا کپ میں فتح کے بعد چیمپیئن ٹیم بھارت کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— تصویر بشکریہ ایشیا ہاکی
ایشیا کپ میں فتح کے بعد چیمپیئن ٹیم بھارت کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— تصویر بشکریہ ایشیا ہاکی

ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے ملائیشیا کو 2-1 سے شکست دے کر ایشین چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا جبکہ پاکستان تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

ڈھاکا میں جاری ایونٹ میں اتوار کو مولانا بھاشانی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں میچ کے تیسرے ہی منٹ میں بھارتی کھلاڑی رمن دیپ سنگھ سنگھ نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

بھارت نے مستقل جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور میچ کا دوسرا کوارٹر ختم ہونے سے قبل للت اپاڈھے نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ: پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 4-0 سے شکست

میچ کے ابتدائی حصے میں کوئی تاثر چھوڑنے میں ناکام رہنے والی ملائیشین ٹیم نے بعد میں شاندار انداز میں واپسی کی اور میچ کے 50ویں منٹ میں شاہرل صبا نے گول کر کے بھارت کی برتری کو کم کردیا البتہ شاندار دفاع کی بدولت بھارتی ٹیم نے ملائیشیا کو دوسرا گول کرنے سے باز رکھا اور میچ میں 2-1 سے فتح حاصل کر کے ایشین چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

بھارت نے دس سال کے طویل عرصے کے بعد ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

ادھر تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے اعجاز احمد کی ہیٹ ٹرک کی بدولت جنوبی کوریا کو 6-3 سے شکست دے کر برونز میڈل جیت لیا۔

تبصرے (0) بند ہیں