دیپک پروانی دو ہفتوں بعد ہی ’ایم کیو ایم‘ سے کنارہ کش

31 اکتوبر 2017
دیپک پروانی کا شمار پاکستان کے نامور فیشن ڈیزائنرز میں کیا جاتا ہے۔
دیپک پروانی کا شمار پاکستان کے نامور فیشن ڈیزائنرز میں کیا جاتا ہے۔

پاکستانی ڈیزائنر دیپک پروانی نے جب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا تو فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ہر شخص کو اس خبر نے حیران کردیا، تاہم ان کی یہ شمولیت صرف چند ہفتوں کی ثابت ہوئی جس سے لوگوں کے ذہنوں میں مزید سوالات نے جنم لے لیا۔

اپنے ایک بیان میں دیپک پروانی نے کہا کہ ’میں فاروق ستار کی بےحد عزت کرتا ہوں، لیکن میں یہ بات بھی واضح کردوں کہ میں باضابطہ طور پر کسی پارٹی کا حصہ نہیں بنا ہوں، لیکن ہمیشہ ایسی تنظیموں اور جماعتوں کو سپورٹ کرتا رہوں گا جو میرے شہر اور ملک کو فائدہ پہنچا رہی ہوں۔‘

انہوں نے ایم کیو ایم کی مستقبل میں آگے بڑھنے اور کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: معروف ڈیزائنر ’دیپک پروانی‘ ایم کیو ایم پاکستان کا حصہ

جب دیپک پروانی سے سوال کیا گیا کہ وہ اتنے کم عرصے کے لیے ایم کیو ایم کے رکن کیوں بنے تو انہوں نے کہا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ ہم میرے پارٹی کا حصہ بننے یا اسے چھوڑنے پر بات کرسکتے ہیں، کیونکہ اس بات کو ابھی صرف دو ہفتے ہی گزرے ہیں، میں اپنے کاروبار کو سنبھالنے میں مصروف ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے پاس سیاست کا حصہ بننے کا وقت ہی نہیں، کیونکہ اگر میں کسی چیز کا حصہ بنتا ہوں تو پھر اس کو اپنی پوری توجہ دیتا ہوں۔‘

دیپک پروانی نے بتایا کہ وہ اس وقت اپنے متعدد پروجیکٹس کے کام میں مصروف ہیں، جس پر توجہ دینے کے لیے انہیں کافی وقت چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: دیپک پروانی کا ایک اور اعزاز

کیا ایم کیو ایم نے اتنی جلدی پارٹی سے الگ ہونے پر دیپک پروانی کو سپورٹ کیا؟

اس پر ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ ’ہاں بالکل، وہ میری بات سمجھتے ہیں اور میرے موقف کی عزت کرتے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’میں ہر اس پروجیکٹ کو سپورٹ کروں گا جو پاکستان میں مثبت تبدیلی لائے اور اس کے لیے مجھے کسی پارٹی کا حصہ بننے کی ضرورت نہیں۔‘

تبصرے (0) بند ہیں