سعودی شہزادوں کا 'فائیو اسٹار قید خانہ'

سعودی شہزادوں کا 'فائیو اسٹار قید خانہ'



گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حکم سے کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن شروع ہوا اور اب بھی جاری ہے جس کے دوران شاہی خاندان کے 11 افراد سمیت لاتعداد حکومتی وزراءاور عہدیداران کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مگر ان قیدیوں کو جہاں رکھا گیا ہے وہ کوئی روایتی جیل نہیں بلکہ ایک فائیو اسٹار ہوٹل ہے۔

جی ہاں واقعی ان سعودی شہزادوں اور دیگر قیدیوں کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے فائیو اسٹار رٹز کارلٹن ہوٹل میں قید کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں غیر معمولی فیصلوں کے پیچھے چُھپی اصل کہانی

نیچے آپ اس پرتعیش ہوٹل کی تصاویر دیکھ سکیں گے جو فی الحال عارضی طور پر جیل خانے کا کام کررہا ہے۔

یہ ہوٹل 2011 میں کھلا تھا اور سعودی عرب کا پہلا رٹز کارلٹن ہوٹل تھا۔

اس میں 493 گیسٹ روم ہیں، جن میں 49 دو بیڈرومز پر مشتمل شاہی کمرے اور پچاس ایک بیڈروم کے ایگزیکٹو کمرے ہیں۔

یہاں کی تعیشات میں صرف مردوں کے لیے اسپاء، 62 ہزار فٹ پر پھیلا ایونٹ اسپیس اور ایک باﺅلنگ سینٹر قابل ذکر ہے۔

اگر یہاں غذاﺅں کی بات کی جائے تو اس ہوٹل میں ایک اطالوی ریسٹورنٹ ہے، چینی کھانوں کا مرکز اور ایک بوفے کی طرز کا ہال بھی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ وہی ہوٹل ہے جہاں صرف دو ہفتے قبل ہی سعودی عرب کی تاریخ کی اہم ترین سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد ہوا تھا جس میں کئی بڑے منصوبوں کا اعلان ہوا۔

مگر ہفتہ 4 نومبر کو رات گئے ہوٹل میں مقیم مہمانوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنا سامان اٹھائیں اور یہاں سے نکل جائیں۔

برطانوی روزنامے دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق اب اس ہوٹل کو اعلیٰ شخصیات کو قید رکھنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے کیونکہ سعودی حکام کے خیال میں ان شہزادوں کو جیل بھیجنا ان کی تذلیل کرنے کے برابر ہوگا۔

کرپشن کے خلاف اس کریک ڈاﺅن میں مشروق وسطیٰ کے امیر ترین شخص شہزادہ الولید بن طلال کو بھی حراست میں لیا گیا جن کے ٹوئٹر اور سٹی گروپ جیسی کمپنیوں میں بھی شیئرز ہیں۔

ایسی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ شاہی افراد کے خاندان سے ہٹ کر چند دیگر پکڑے گئے لوگوں کو ایک کمرے میں اکھٹا بند کیا گیا ہے اور وہ میٹریس پر سو رہے ہیں۔

تاہم یہ واضح نہیں کہ پکڑے گئے سعودی شہزادوں کو ہوٹل کے اندر کہاں رکھا گیا ہے۔

اس وقت ہوٹل کی ویب سائٹ پر یہ پیغام لکھا ہے کہ غیرمتوقع حالات کی بناءپر ہوٹل مہمانوں کے لیے بند ہے جبکہ انٹرنیٹ اور ٹیلیفون لائنز منقطع کردی گئی ہیں۔

تصاویر بشکریہ رٹز کارلٹن، ریاض فیس بک پیج