ایپل کے سب سے مہنگے آئی فون ایکس (10) کا ڈسپلے سرد موسم میں کام نہ کرنے کا مسئلہ سامنے آیا اور ایپل نے بھی اس کا اعتراف کیا ہے۔

ایپل نے تسلیم کیا ہے کہ آئی فون ایکس کا ڈسپلے سرد موسمی حالات میں عارضی طور پر کام کرنا چھوڑ سکتا ہے۔

درحقیقت گزشتہ دنوں آئی فون ایکس کے حوالے سے 'کولڈ گیٹ' نامی مسئلہ سامنے آیا تھا اور زیادہ سرد حالات میں ڈسپلے جام ہونے کی شکایات مختلف افراد نے کیں۔

مزید پڑھیں : آئی فون ایکس کے لیے دنیا بھر میں لمبی قطاریں

ان صارفین کا کہنا تھا کہ سرد حالات میں فون کی اسکرین کام نہیں کرتی۔

اس پر ایپل نے مسئلے کو تسلیم کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ مخصوص حالات میں آئی فون ایکس کا ڈسپلے عارضی طور پر اس لیے کام کرنا چھوڑ دیتا ہے جب صارف کے ارگرد کا موسم اچانک بہت ٹھنڈا ہوجائے۔

آئی فون بنانے والی کمپنی نے اس مسئلے کے حل کے لیے جلد سافٹ وئیر اپ ڈیٹ جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی، کیونکہ یہ ہارڈ وئیر فالٹ نہیں۔

تاہم کمپنی نے واضح نہیں کیا کہ اس کولڈ گیٹ بگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کب تک سافٹ وئیر اپ ڈیٹ کو صارفین کے لیے ریلیز کیا جائے گا۔

تاہم امکان ہے کہ یہ اپ ڈیٹ آئی او ایس 11.2 میں ہوگی جس کی آزمائش ابھی بیٹا پروگرام میں ہورہی ہے۔

اس سے قبل آئی سکس پلس میں فون کے مڑنے کا مسئلہ سامنے آیا تھا جسے بینڈ گیٹ کا نام دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : آئی فون 6 پلس کا بڑا نقص پکڑا گیا

جس پر ایپل نے شکایات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ فون کو بہترین میٹریل سے تیار کیا گیا ہے تاہم مخالف کمپنیوں نے سوشل میڈیا پر اس کا کافی مذاق اڑایا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں