پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے آخری روز منفی رجحان رہا اور بینچ مارک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ 354 پوائنٹس کی کمی کے بعد 41 ہزار 436 کی سطح پر بند ہوا۔

کاروباری سیشن کے پہلے ہاف میں انڈیکس نے کچھ مزاحمت دکھائی، لیکن دوسرے ہاف میں اس میں گراوٹ دیکھی گئی۔

جمعہ کے روز انڈیکس کی بلند ترین سطح 41 ہزار 836 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 41 ہزار 391 پوائنٹس رہی۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 12 کروڑ 80 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا جن کی مالیت 5 ارب 70 کروڑ روپے رہی۔

مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ: مثبت رجحان کے ساتھ کاروباری ہفتے کا اختتام

مجموعی طور پر 342 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 142 کی قدر میں اضافہ، 181 کی قیمتوں میں کمی اور 19 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

سیشن کے دوران انجینئرنگ، ٹیکسٹائل اور آئل و گیس مارکیٹنگ کے سیکٹرز نمایاں رہے، جن میں بالترتیب ایک کروڑ 71 لاکھ، ایک کروڑ 71 لاکھ اور ایک کروڑ 41 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں