—فائل فوٹو: نیوز ڈاٹ کام
—فائل فوٹو: نیوز ڈاٹ کام

دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک اور میسینجر ویسے تو ایک ہی کمپنی ہیں، تاہم یہ الگ الگ برانڈ بھی ہیں۔

فیس بک سوشل ویب سائٹ ہے، جب کہ میسینجر انسٹنٹ میسینجنگ ایپلی کیشن ہے، اور دونوں پر آج سے پہلے الگ الگ پوسٹیں کرنا پڑتی تھیں۔

البتہ فیس بک اور میسینجر صارفین کو یہ سہولت دستیاب تھی کہ وہ پہلے ایک جگہ پوسٹ کو شیئر کریں، اور اس کے بعد اسی پوسٹ کو دوسری جگہ شیئر کریں۔

لیکن اب فیس بک اور میسینجر نے صارفین کو نیا تحفہ دیتے ہوئے دونوں شیئرنگ ایپلی کیشن اور ویب سائٹس کو ملادیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک میسنجر کا 'لائٹ' ورژن متعارف

جی ہاں اب آپ چاہے فیس بک پر پوسٹ کریں یا میسینجر پر لیکن وہ پوسٹ بیک وقت دونوں جگہ پر شیئر ہوجائے گی، اور دونوں ہی جگہ اسے صارفین لائیک اور شیئر کر سکیں گے۔

میسینجر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پہلی بار فیس بک اور میسینجر کو ایک دوسرے سے ملاتے ہوئے صارفین کی بہتری کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا۔

—فوٹو: میسینجر فیس بک
—فوٹو: میسینجر فیس بک

اس نئے قدم کے بعد اب صارف کی جانب سے فیس بک پر شیئر کی جانے والی کوئی بھی ویڈیو اور تصویر میسینجر پر بھی ازخود شیئر ہو جائے گی۔

مزید پڑھیں: فیس بک میسنجر کی اب تک کی سب سے بڑی تبدیلی؟

میسینجر کے صارفین اس پوسٹ کو ’میسینجر ڈے‘ کی جگہ دیکھ سکیں گے، اور ہر نئی پوسٹ اس کی جگہ لے لے گی۔

اس سے قبل میسینجر صارفین کو ’میسینجر ڈے‘ کے لیے الگ سے کوئی پوسٹ شیئر کرنا پڑتی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شیئر کی گئی پوسٹ کو اگر میسینجر پر لائیک کیا جائے گا تو بھی وہ لائیکس فیس بک پر نظر آئیں گے۔

اس نئے فیچر سے صارفین کو اپنی پوسٹ کے لائیک بڑھانے اور اسے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔