بھارتی ٹیم کے کوچ روی شاستری نے ایک مرتبہ پھر سابق کپتان اور عظیم وکٹ کیپر بلے باز مہندرا سنگھ دھونی کی حمایت کرتے ہوئے ان پر تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کوئی رائے دینے سے قبل اپنے کیریئر پر نظر دوڑائیں۔

روی شاستری نے 36 سالہ دھونی کو ’لیجنڈ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان میں اب بھی بہت کرکٹ باقی ہے اور اس وقت بھی وکٹوں کے عقب میں ان سے بہتر کوئی کارکردگی نہیں دکھا سکتا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے بعد دھونی کی ٹیم میں موجودگی کے حوالے سے ایک نئی بحث نے جنم لیا تھا اور کئی سابق کھلاڑیوں نے دھونی کو ٹیم پر بوجھ تک قرار دیا تھا۔

سابق کرکٹرز وینکٹ لکشمن اور اجیت اگرکر نے بھارتی ٹی20 ٹیم میں دھونی کی جگہ پر سوالات اٹھاتے ہوئے انہیں اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے کر نوجوانوں کو موقع دینے کا مشورہ دیا تھا۔

دھونی پر مستقل تنقید پر برہم روی شاستری نے کہا کہ لوگ بیان دینے سے قبل اپنے کیریئر پر ایک نظر ضرور ڈال لیا کریں۔ سابق کپتان دھونی میں اب بھی بہت کرکٹ باقی ہے اور اب یہ ٹیم کی ذإے داری ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دے۔

انہوں نے کہا کہ وکٹوں کے عقب میں آج بھی ان سے بہتر کرکٹر کوئی نہیں اور میدان میں حاضر دماغی اور بلے سے بہترین کارکردگی میں آج بھی ان کا کوئی ثانی نہیں۔

اس سے قبل بھی روی شاستری دھونی کی حمایت میں سامنے آ چکے ہیں اور انہوں نے کہا تھا کہ دھونی سے ’جلنے‘ والے چاہتے ہیں کہ ان کے کیریئر کا جلد ہی اختتام ہو جائے۔

بھارتی ٹیم کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی نے بھی دھونی پر ہونے والی تنقید کو نامناسب قرار دیتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ مہندرا سنگھ دھونی بھارت کو ہر میچ نہیں جتوا سکتے۔

تبصرے (0) بند ہیں