مراکش: امدادی اشیا کی تقسیم کے دوران بھگدڑ سے 15 افراد جاں بحق

19 نومبر 2017
مراکش کے مغربی علاقوں میں غربت کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی کی قلت بھی نمایاں ہے—فوٹو:اے پی
مراکش کے مغربی علاقوں میں غربت کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی کی قلت بھی نمایاں ہے—فوٹو:اے پی

مراکش کے تفریحی مغربی علاقے الصویرہ میں امدادی کارکنوں کی جانب سے خوراک کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ جانے سے 15 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ الصویرہ سے 60 کلو میٹر دور ایک قصبے سیدی بوالعلام میں پیش آیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق ایک ادارے کی جانب سے کھانے کی تقسیم کا انتظام کیا گیا جہاں پر 800 کے قریب مرد وخواتین پر مشتمل ایک بڑا ہجوم پہنچ گیا۔

بھگدڑ کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد میں اکثریت خواتین اور بزرگوں کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی 40 کے قریب ہے۔

مراکش کے حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات اور اس کے ذمہ داروں کے تعین کے لیے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ شاہ محمد ششم نے 'جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں کی مدد اور تعاون کے لیے'احکامات جاری کردیے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمد نے 'ذاتی طور پر جاں بحق افراد کی تجہیز و تکفین اور زخمیوں کی سرپرستی' کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں