ڈبلیو ڈبلیو ای کے سال کے چوتھے بڑے ایونٹ سروائیور سیریز میں اسمیک ڈاﺅن کو اپنے حریف را کے سامنے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جی ہاں یہ ایونٹ ڈبلیو ڈبلیو ای کے ان دونوں برانڈز کے ریسلرز کے درمیان مختلف مقابلوں پر مبنی تھا جس میں فلیگ شپ شو نے تین کے مقابلے میں چار میچز جیت کر بازی اپنے نام کرلی۔

یہ ایونٹ کئی ڈریم میچز کے حوالے سے یادگار ثابت ہوا تاہم اس کا اختتام کافی مایوس کن انداز میں ہوا۔

مزید پڑھیں : ٹرپل ایچ کی ڈبلیو ڈبلیو ای میں غیرمتوقع واپسی کیوں ہوئی؟

دی شیلڈ بمقابلہ دی نیو ڈے

یہ سروائیور سیریز کا پہلا ڈریم میچ تھا جس میں تین سال بعد پہلی بار رومن رینز، سیٹھ رولنز اور ڈین امبروز اکھٹے شیلڈ نامی گروپ کی شکل میں ان ایکشن دکھائی دیئے، جن کا سامنا لگ بھگ تین برسوں سے ڈبلیو ڈبلیو ای میں غالب تین ریسلرز پر مشتمل ٹیم دی نیو ڈے سے ہوا۔ دونوں ٹیموں نے پرستاروں کو مایوس نہیں کیا بلکہ میچ کافی سنسنی خیز انداز سے شروع سے آخر تک چلتا رہا، اور کافی حد تک نیو ڈے کا غلبہ نظر آیا، تاہم میچ کے اختتام میں رومن رینز کے مخصوص داﺅ اسپیئر اور پھر شیلڈ کا سپر ٹرپل پاور بم مخالفین کے لیے کافی ثابت ہوا اور میچ تین سال بعد اکھٹے ہونے والے گروپ نے اپنے نام کرلیا۔

ٹیم را بمقابلہ ٹیم اسمیک ڈاﺅن (ویمن میچ)

اس میچ میں بیکی لنچ، نتالیہ، کارمیلا، تمینہ اور ناﺅمی نے اسمیک ڈاﺅن کی نمائندگی کی جبکہ را کی جانب سے ایلیسا فوکس، بیلے، ساشا بینکس، نیا جیکس اور اشیوکا نے حصہ لیا۔ یہ میچ ٹیم را کے نام رہا، جن کی جانب سے اشوکا ہی آخر میں رنگ میں فاتحانہ انداز میں کھڑی نظر آئیں۔

دی مز بمقابلہ بیرن کوربن

اس میچ میں یو ایس چیمپئن بیرن کوربن نے اسمیک ڈاﺅن جبکہ انٹرکانٹی نینٹل چیمپئن دی مز را کی جانب سے ان ایکشن ہوئے، یہ بیرن کوربن کے نام رہا۔

دی بار بمقابلہ دی اوسوز

یہ میچ اسمیک ڈاﺅن کے ٹیگ ٹیم چیمپئن دی اوسوز اور را ٹیگ ٹیم چیمپئن دی بار کے درمیان تھا، اور توقع کی جارہی تھی کہ یہ میلہ لوٹ سکتا ہے، تاہم یہ اتنا توقعات پر پورا نہیں اتر سکا مگر پھر بھی دونوں ٹیموں نے کافی دلچسپ انداز سے اسے آگے بڑھایا اور آخر میں اسمیک ڈاﺅن کی ٹیم نے کامیابی کو اپنے نام کیا۔

ایلکسا بلس بمقابلہ شیرولیٹ

را کی چیمپئن ایلکسا بلس کو اس مقابلے میں اسمیک ڈاﺅن چیمپئن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس موقع پر لگ رہا تھا کہ یہ ایونٹ اسمیک ڈاﺅن کے نام ہوسکتا ہے، جس نے پانچ میں سے تین مقابلے اپنے نام کرلیے تھے۔

اے جے اسٹائلز بمقابلہ بروک لیسنر

را کے یونیورسل چیمپئن بروک لیسنر اور اسمیک ڈاﺅن کے ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن اے جے اسٹائلز کے درمیان اس مقابلے کو ڈریم میچ قرار دیا گیا تھا، اور دونوں نے لوگوں کو مایوس نہیں کیا، اے جے اسٹائلز نے جسامت میں کافی کم ہونے کے باوجود بروک لیسنر کو ناکوں چنے چبوا دیئے، بلکیہ کئی مواقعوں پر تو لگا کہ وہ جیت ہی جائیں گے تاہم آخری لمحات میں ڈرامئی انداز میں بروک لیسنر نے اپنے مخصوص داﺅ ایف فائیو کے ذریعے کامیابی اپنے نام کرلی، یاد رہے کہ گزشتہ سال اسی ایونٹ میں گولڈ برگ نے بروک لیسنر کو ڈیڑھ منٹ سے بھی کم وقت میں چت کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : گولڈ برگ نے ڈیڑھ منٹ میں بروک لیسنر کو چت کردیا

ٹیم را بمقابلہ ٹیم اسمیک ڈاﺅن (مینز میچ)

اگر یہ کہا جائے کہ اس میچ نے آخر میں بہترین ایونٹ کا مزہ کرکرا کیا، تو غلط نہیں ہوگا، ویسے تو اس میچ میں را کی جانب سے کرٹ اینگل، براﺅن اسٹرومین، ٹرپل ایچ، سموا جوئی اور فن بیلور جبکہ اسمیک ڈاﺅن کی ٹیم میں جان سینا، رینڈی اورٹن، بوبی روڈ، شین میکموہن اور Shinsuke Nakamura جیسے اسٹار ریسلرز شریک تھے، آغاز میں یہ میچ لگ رہا تھا کہ بہترین ثابت ہوگا، تاہم پھر میچ سے بڑے اسٹارز اس طرح باہر ہوئے کہ سب حیران رہ گئے، جبکہ آخر میں ٹرپل ایچ نے پہلے اپنی ٹیم کیپٹن کو باہر کرنے میں کردار ادا کیا اور پھر میچ کو جیت بھی لیا، جس پر وہاں موجود افراد نے کافی تنقیدی نعرے بازی بھی کی، تاہم ایونٹ کا اختتام براﺅن اسٹرومین کے ہاتھوں ٹرپل ایچ کی زبردست دھلائی سے ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں