ہارٹ فیلیئر سے بچنے کیلئے یہ غذا اپنالیں

20 نومبر 2017
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

اگر تو آپ کو سبزیاں اور پھل کھانا پسند نہیں، تو اس عادت کو فوری بدل دیں کیونکہ یہ غذا جان لیوا ہارٹ فیلیئر سے بچاسکتی ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

واضح رہے کہ ہارٹ فیل ایسی کیفیت ہوتی ہے جس دوران دل خون کو پمپ کرنا بند کردیتا ہے اور جسمانی پٹھے کمزور ہونے یا اکڑنے لگتے ہیں جس کے نتیجے موت کا خطرہ ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں : ورزش سے دوری ہارٹ فیل کا خطرہ بڑھائے

ماﺅنٹ سینائی ہاسپٹل کی تحقیق کے دوران پندرہ ہزار سے زائد افراد پر مختلف غذاﺅں کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ سبز پتوں والی سبزیاں، پھل، بیج اور مچھلی پر مشتمل غذا کا اکثر استعمال ہارٹ فیلیئر کا خطرہ 42 فیصد تک کم کردیتا ہے۔

اسی طرح ہفتہ بھر میں چائے یا کافی کا ایک اضافی کپ پینا ہارٹ فیلیئر کا خطرہ سات فیصد جبکہ فالج کا آٹھ فیصد تک کم کردیتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ سبز پتوں والی سبزیاں، پھل، بیج، مچھلی اور اجناس پر مشتمل غذا کا اکثر استعمال اور جنک فوڈ سے دوری درحقیقت صحت مند دل کے لیے ضروری طرز زندگی کا حصہ ہے جو کہ ہارٹ فیلیئر جیسے جان لیوا مرض سے بچاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلڈ گروپ سے ہارٹ اٹیک کی پیشگوئی ممکن

انہوں نے کہا کہ اکثر پھلوں اور سبزیوں کے استعمال کے ساتھ نمک کی مقدار میں کمی لانا اور صحت مند جسمانی وزن کو برقرار رکھنا صحت مند زندگی کے لیے ضروری ہے۔

ان کے بقول اس طرح کا طرز زندگی امراض قلب اور فالج جیسے امراض سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی سالانہ کانفرنس کے دوران پیش کیے گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں