اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان باہمی امور کے شعبوں میں مزید تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی مذاکرات کا آٹھواں دور ہوا۔

پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ جبکہ ایشیائی اور قونصل امور کے لیے معاون وزیر خارجہ کونگ یوآن یو نے چینی وفد کی قیادت کی۔

مذاکرات میں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا، جس میں ایک خطہ ایک پٹی بالخصوص پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)، باہمی تجارت، دفاع، انسداد دہشت گردی اور ثقافت، تعلیم اور عوامی روابط کے امور زیر غور آئے۔

دونوں جانب سے باہمی امور کے شعبوں میں مزید تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ایف ٹی اے مذاکرات میں پیش رفت، چین پاکستان کے خدشات دور کرنے پر رضامند

مذاکرات میں سیکریٹری خارجہ اور ان کے چینی ہم منصب نے افغانستان کی علاقائی صورتحال، جنوبی ایشیا میں امریکی پالیسی اور جزیرہ نما کوریا سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

تہمینہ جنجوعہ نے اپنے ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی سنگین صورتحال اور بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کے بارے میں بھی بتایا۔

انہوں نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرنے کے لیے بھارت پر زور ڈالنے بین الاقوامی برادری کی جانب سے کردار ادا کیے جانے کی امید ظاہر کی۔

یہ بھی پڑھیں: چینی وزیر خارجہ،سرتاج عزیز کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات

فریقین نے اقوام متحدہ، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمیت مختلف فورمز پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

مذاکرات میں سیاسی، سلامتی اور اقتصادی سمیت دیگر امور پر بھی تعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں