تاریخی ایشز سیریز کی آمد کے ساتھ ہی انگلینڈ اور آسٹریلیا کی تیاریاں دن بدن تیز ہوتی جا رہی ہیں اور آسٹریلیا نے انگلینڈ کو سیریز میں زیر کرنے کیلئے سابق عالمی شہرت یافتہ چیمپیئن اولمپین یوسین بولٹ کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

100میٹر اور 200 میٹر میں عالمی ریکارڈ کے ساتھ ساتھ اولمپکس میں اآٹھ گولڈ میڈل جیتنے والے یوسین بولٹ آسٹریلین بلے بازوں کے ساتھ کام کر کے ان کی وکٹوں کے درمیان رننگ بہتر بنا کر جارحیت میں اضافے کی کوشش کریں گے۔

دنیا کے تیز ترین شخص نے روزنامہ دی ہیرالڈ سن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میری نظر میں جارحیت کا نام ہے۔ جب یہ دوڑتے ہیں تو ان میں زیادہ جارحیت نظر نہیں آتی۔

یوسین بولٹ نے کہا کہ رننگ کرتے ہوئے آسٹریلین بلے باز آہستہ آگاز کرتے ہیں اور اس چیز پر قابو پانے کی صورت میں انہیں بہتر کارکردگی میں مدد ملے گی۔

اگست میں لندن میں ہونے والی ورلڈ چیمپیئن شپ کے بعد ریٹائر ہونے والے 31 سالہ بولٹ نے کہا کہ وہ آسٹریلین کھلاڑیوں میں وکٹوں کے درمیان رننگ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔

آسٹریلین بلے باز پیٹر ہینڈزکومب نے کہا کہ جمعرات سے برسین میں شروع ہونے والے ایشز سیریزکے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل یوسین بولٹ کے مشوروں سے ہمیں کافی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ بولٹ دنیا کے تیز ترین انسان ہیں اور ان کے مشورے ہمارے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے ہمیں چند اہم نکات بتائے ہیں اور اگر ہم انہیں درست طریقے سے کرنے میں کامیاب رہے تو ہماری رننگ تیز ہو جائے گی۔

یاد رہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بولٹ نے فٹبال میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں جرن بنڈس لیگا کی ٹیم بروشیا ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے اپنے ساتھ ٹریننگ کرنے کی دعوت دی تھی اور وہ ان کے ساتھ ٹریننگ میں مصروف تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں