رومانوی کامیڈی فلم ’مان جاؤ نہ‘ کا ٹریلر ریلیز

اپ ڈیٹ 22 نومبر 2017
گلوکار اور اداکار عدیل چوہدری اس فلم کے ساتھ پاکستانی فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کرتے نظر آئیں گے —۔
گلوکار اور اداکار عدیل چوہدری اس فلم کے ساتھ پاکستانی فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کرتے نظر آئیں گے —۔

پاکستانی پروڈکشن کمپنی کرو فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’مان جاؤ نہ‘ اگلے سال ریلیز کی جائے گی۔

اس فلم کا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا، جس میں نوجوانوں کی رومانوی کہانی کو پیش کیا گیا ہے۔

گلوکار اور اداکار عدیل چوہدری اس فلم کے ساتھ پاکستانی فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کرتے نظر آئیں گے۔

ان کا ماننا ہے کہ فلمی کیریئر کے آغاز کے لیے فلم ’مان جاؤ نہ‘ کا انتخاب سب سے بہتر ہے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے عدیل چوہدری کا کہنا تھا کہ ’لوگ اس وقت اس طرح کی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں، ویسے ہی اس وقت سیکورٹی اور سیاست کے نام پر لوگ بہت مایوس ہیں، تو یقیناً انہیں یہ فلم پسند آئے گی‘۔

اپنے کردار کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’میرے کردار کا نام حارث ہے، وہ دوستوں کا دوست ہے، وہ اپنی بہترین دوست رانیا سے محبت کرتا ہے، لیکن اسے بتانے سے ڈرتا ہے کیوں کہ کہیں ان کی دوستی خراب نہ ہوجائے‘۔

رانیا کا کردار ایک ایسی لڑکی کا ہے جو شادی کے رشتے یا محبت پر یقین نہیں رکھتی، اور وہ حارث کو صرف اپنا اچھا دوست مانتی ہے۔

جب رانیا کے لیے رشتے آنا شروع ہوتے ہیں تو حارث کافی خوفزدہ ہوجاتا ہے اور وہ کوشش کرتا ہے کہ کسی طرح رانیا کو اپنی محبت کے بارے میں بتاسکے۔

عدیل نے یہ بھی بتایا کے اس فلم کی شوٹنگ کسی چیلنج سے کم نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے اس فلم کی شوٹنگ صرف 38 دنوں میں مکمل کی، ویسے تو کراچی کا موسم صحیح رہتا ہے لیکن ہماری شوٹنگ کے دوران ٹھنڈ بڑھ گئی تھی جب مجھے پانی میں شوٹ کرنا تھا’۔

فلم ’مان جاؤ نہ‘ اگلے سال 2 فروری کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں