رومن رینز کافی عرصے بعد چیمپئن شپ جیتنے میں کامیاب

21 نومبر 2017
رومن رینز — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
رومن رینز — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

رومن رینز نے لگ بھگ ایک سال بعد ڈبلیو ڈبلیو ای میں پہلی بار ایک چیمپئن شپ اپنے نام کرلی ہے۔

تاہم یہ ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن شپ نہیں بلکہ انٹرکانٹینیٹل چیمپئن شپ ہے جو اس معروف ریسلر نے پہلی بار اپنے کیرئیر میں اپنے نام کی۔

گزشتہ شب ڈبلیو ڈبلیو ای کے شو را کے مین ایونٹ میں رومن رینز نے دی مز کو شکست دے کر انٹرکانٹینیٹل چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

مزید پڑھیں : رومن رینز کی شخصیت کے 9 دلچسپ حقائق

میچ کے دوران را ٹیگ ٹیم چیمپئن شیمس اور سیزارو نے دی مز کو چیمپئن شپ کا دفاع کرنے میں مدد کی کوشش بھی کی اور ان کی مداخلت کے نتیجے میں رومن رینز کو لگ بھگ شکست ہو ہی گئی تھی۔

تاہم کسی نہ کسی طرح وہ ریفری کے 3 گننے سے پہلے حریف کو اپنے اوپر سے اچھالنے میں کامیاب رہے جبکہ اس دوران ان کے ساتھی ڈین امبروز اور سیٹھ رولنز بھی مدد کے لیے وہاں پہنچ گئے۔

اس موقع پر رومن رینز نے اپنا مخصوص داﺅ اسپیئر مار کر میچ جیت لیا۔

میچ میں کامیابی کے بعد انہوں نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں تمام ریسلر کو کھلا چیلنج بھی دیا۔

رومن رینز اس سے پہلے تین بار ورلڈ چیمپئن رہ چکے ہیں، تاہم جون 2016 سے وہ اس سے محروم ہیں، جس کی وجہ ان کی جانب سے ڈبلیو ڈبلیو ای کی ویل نیس پالیسی کی خلاف ورزی قرار دی جاتی ہے، جس پر وہ ایک ماہ کے لیے معطل بھی رہے۔

اس کے بعد وہ ستمبر میں یو ایس چیمپئن بنے اور جنوری میں شکست کے بعد سے وہ کسی بھی قسم کی چیمپئن شپ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

یہ بھی پڑھیں : رومن رینز کے نام 'تاریخ ساز' اعزاز

اب لگ بھگ ایک سال بعد وہ پہلی بار کوئی چیمپئن شپ جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور ایسی رپورٹس سامنے آرہی ہیں کہ ریسل مینیا 34 میں وہ بروک لیسنر کو شکست دے کر ایک بار پھر ورلڈ چیمپئن بن سکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں