بھونیشور سری لنکا کے خلاف بقیہ ٹیسٹ سیریز سے باہر

21 نومبر 2017
بھونیشور کمار سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں آٹھ وکٹیں لینے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے— فوٹو: اے ایف پی
بھونیشور کمار سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں آٹھ وکٹیں لینے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے— فوٹو: اے ایف پی

ممبئی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے اسکواڈ کا اعلان کر دیا اور اوپننگ بیٹسمین شیکھر دھاون اور فاسٹ باؤلر بھنشور کمار کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔

بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دھاون اور کمار نے سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ سے درخواست کی تھی کہ انہیں ریلیز کیا جائے۔

دھاون آخری ٹیسٹ کیلئے دستیاب ہوں گے جبکہ کمار کی رواں ہفتے کے آخر میں شادی متوقع ہے اس لیے وہ بقیہ سیریز کیلئے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

بھونیشور کمار کی جگہ تامل ناڈو کے آل راؤنڈر وجے شنکر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

اعلان کردہ اسکواڈ کپتان ویرات کوہلی، لوکیش راہول، مرلی وجے، چتیشور پجارا، اجنکیا راہانے، وردھیمان ساہا، روہت شرما، روی چندرہ ایشون، رویندرا جدیجا، کلدیپ یادو، محمد شامی، اومیش یادو، ایشانت شرما اور وجے شنکر پر مشتمل ہے۔

بھارت اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 24 نومبر سے شروع ہو گا، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں