نیشنل ٹی20 کپ میں لاہور وائٹس کی ایک اور فتح

21 نومبر 2017
لاہور وائٹس اور پشاور ریجن کے درمیان میچ کا ایک منظر— فوٹو: اے پی پی
لاہور وائٹس اور پشاور ریجن کے درمیان میچ کا ایک منظر— فوٹو: اے پی پی

راولپنڈی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری نیشنل ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2017 میں لاہور وائٹس نے پشاور کو 27 رنز سے ہرا پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور ریجن(وائٹس) کے کپتان سلمان بٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

لاہور ریجن(وائٹس) کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 163رنز بنائے ، سلمان بٹ نے 58گیندوں پر 14چوکوں کی مدد سے 85 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کامران اکمل نے 42گیندوں پر 5 چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔

پشاور ریجن کی طرف سے کامران غلام ، کاشف بھٹی اور سہیل خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پشاور کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

شہد کی مکھیوں کے حملے کے سبب کھلاڑی اور امپائر زمین پر لیٹے ہوئے ہیں— فوٹو: اے پی پی
شہد کی مکھیوں کے حملے کے سبب کھلاڑی اور امپائر زمین پر لیٹے ہوئے ہیں— فوٹو: اے پی پی

نوید یاسین نے 28 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 25، سہیل خان نے 12 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 22 اور سیف بہادر نے 25 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 23 رنز بنائے۔

لاہور وائٹس کے عماد آصف نے 26 رنزدے کر چار جبکہ آصف علی اور احسان عادل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

لاہور وائٹس کے سلمان بٹ اور عماد آصف کو مشترکہ طور پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس سے قبل میچ کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب لاہور وائٹس کی بیٹنگ کے دوران شہد کی مکھیوں نے حملہ کردیا۔

حملے کے باعث کھلاڑیوں اور امپائرز کو گراؤنڈ میں لیٹ کر خود کو بچانا پڑا اور اس وجہ سے میچ میں تعطل پیدا ہوا اور اسے تھوڑی دیر کے لیے روکنا پڑا تاہم مکھیوں کے جانے کے بعد میچ دوبارہ شروع کیا گیا۔

نیشنل ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں دس دن گزرنے کے بعد لاہور ریجن(بلوز)، لاہور ریجن(وائٹس) اور کراچی ریجن کی ٹیمیں سات، سات کے ساتھ سر فہرست ہیں۔

فیصل آباد ریجن اور اسلام آباد ریجن کی ٹیموں نے پانچ پانچ جبکہ باقی تین ٹیموں نے 3،3پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں