نوجوان پاکستانی فاسٹ باؤلر حسن علی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے پہلے ہی میچ میں شرکت کے بعد مشکل میں پھنس گئے ہیں اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ان پر جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

گزشتہ روز کومیلا وکتورینز اور ڈھاکا ڈائنامائٹس کے درمیان میچ میں حسن علی نے شرکت کر کے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے رواں ایڈیشن میں پہلا میچ کھیلا لیکن اسی میچ میں انہیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا۔

20 نومبر کو کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستانی فاسٹ باؤلر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے کھلاڑیوں کیلئے ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کے مرتکب ٹھہرے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ مصدق حسین کو آؤٹ کرنے پر ڈریسنگ روم کی جانب اشارہ کرنے پر فیلڈ امپائرز، تھرڈ امپائر اور میچ ریفری نے حسن علی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا اور ان پر میچ فیس کا 25فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش پریمیئر لیگ: حسن علی پہلے ہی میچ میں مرد میدان قرار

بیان میں کہا گیا کہ حسن علی نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری سمیع الرحمان کی جانب سے دی گئی سزا کو بھی تسلیم کر لیا جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔

اس سزا کے ساتھ ساتھ حسن کے ڈسپلنری ریکارڈ میں دو منفی پوائنٹس بھی جمع ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ مذکورہ میچ میں حسن علی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 20 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لے کر ڈھاکا ڈائنامائٹس کی بیٹنگ کو تہس نہس کردیا تھا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

تبصرے (1) بند ہیں

human Nov 22, 2017 04:15pm
Good decision by committee. he should not be over acting.