کافی پینا جگر کے امراض سے بچائے

23 نومبر 2017
یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— شٹر اسٹاک فوٹو

جگر جسم کا وہ عضو ہے جو غذا ہضم کرنے، توانائی کے ذخیرے اور زہریلے مواد کے اخراج کا کام کرتا ہے تاہم عمر بڑھنے کے ساتھ اسے مختلف امراض کا سامنا ہوسکتا ہے۔

مگر ایک عام اور مزیدار چیز کو اپنا کر آپ اس خطرے کو نمایاں حد تک کم کرسکتے ہیں۔

یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

ساﺅتھ ہیمپٹن یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق معتدل مقدار میں کافی پینے کی عادت جگر کے امراض، کینسر وغیرہ سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

اس تحقیق کے دوران کافی پینے سے انسانی جسم پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لینے والی دو سو سے زائد طبی تحقیقی رپورٹس کو دیکھا گیا۔

مزید پڑھیں : چائے اور کافی کس حد تک فائدہ مند؟

ان طبی تحقیقی رپورٹس کے نتائج میں بتایا گیا تھا کہ روزانہ تین سے چار کپ کافی پینے کی عادت دل کے مسائل کا خطرہ کم کرتی ہے جبکہ سب سے زیادہ نمایاں فائدہ جگر کے امراض کے خطرے میں کمی لانے کی شکل میں ہوتا ہے۔

اس نئی تحقیق میں یہی بات سامنے آئی کہ معتدل مقدار میں اس گرم مشروب کا استعمال نقصان کی بجائے صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

محققین نے دریافت کیا کہ اسے پینے کی عادت خون کی شریانوں کے مسائل، ذیابیطس، کینسر، جگر پر چربی چڑھنے کے امراض وغیرہ سے بچاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کافی پینا ذیابیطس کا شکار ہونے سے بچائے، تحقیق

محققین کا کہنا تھا کہ زیادہ نہیں بلکہ معتدل مقدار میں اس گرم مشروب کا استعمال ہی صحت کے لیے فائدہ مند ہے، جبکہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ کس قسم کی کافی صحت کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کافی پینا محفوظ اور فائدہ مند ہے تاہم لوگ اسے دوا سمجھ کر پینے سے گریز کریں۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں