فلم ’پدماوتی‘ کے خلاف نعروں کے ساتھ لاش برآمد

24 نومبر 2017
فلم ’پدماوتی‘ میں دپیکا، رنویر اور شاہد کپور اہم کردار ادا کررہے ہیں —۔
فلم ’پدماوتی‘ میں دپیکا، رنویر اور شاہد کپور اہم کردار ادا کررہے ہیں —۔

بولی وڈ فلم ’پدماوتی‘ کے خلاف ہندوستان میں جاری احتجاج بدترین شکل اختیار کرتا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جےپور میں موجود نہارگڑھ قلعے کے دروازے پر ایک شخص کی لاش لٹکی ہوئی پائی گئی ہے۔

صرف یہی نہیں، لاش کے قریب موجود چند پتھروں پر ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ کے خلاف نعرے بھی تحریر کیے گئے ہیں۔

ان پتھروں پر ’ہم پتلے نہیں جلاتے، قتل کرتے ہیں‘ جیسے نعرے تحریر کیے گئے۔

ایسا شاید پہلی بار ہوا ہوگا جب ہندوستان میں کسی فلم کے خلاف جاری مظاہروں نے ایسا رخ اختیار کیا ہو۔

قریب موجود لوگوں کی جانب سے لاش کی موجودگی کی اطلاع پر جے پور کی پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی۔

مزید پڑھیں: دھمکیوں کے بعد فلم ’پدماوتی‘ کی نمائش مؤخر

تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہوا کہ اس شخص نے خودکشی کی تھی یا پھر اس کا قتل ہوا ہے۔

لاش کے پاس سے برآمد ہونے والے کارڈ کے مطابق اس شخص کا نام چیتن تھا، جس کا گلا پلاسٹک کے وائر سے دبایا گیا۔

اس واقع کے بعد ہندوستانی انتہا پسند جماعت راجپوت کرنی سینا کے ممبر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس واقعہ کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ اپنا پہغام دینے کا کوئی طریقہ نہیں، پدماوتی کے خلاف مظاہرہ کرنا جائز ہے، لیکن اس کے لیے ایسا قدم اٹھانا ٹھیک نہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور ان کی جماعت کبھی بھی فلم کے خلاف مظاہرے کو ایسی شکل نہیں دیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے فلم کی مرکزی اداکارہ دپیکا پڈوکون کو ہندو انتہا پسند جماعت نے دھمکی دی تھی کہ اگر فلم ’پدماوتی‘ ریلیز ہوئی تو وہ ان کی ناک کاٹ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ’میں نے پدماوتی بہت ایمانداری، محنت اور ذمہ داری سے بنائی ہے‘

جبکہ یہ بھی اعلان کیے کہ جو کوئی دپیکا پڈوکون اور سنجے لیلا بھنسالی کے سر کاٹ کر لائے گا اسے 10 کروڑ ہندوستانی روپے انعام میں دیے جائیں گے۔

ان دھمکیوں کے بعد پروڈیوسرز نے فلم ’پدماوتی‘ کی نمائش مؤخر کرنے کا اعلان کیا، تاہم اب تک ریلیز کی کوئی نئی تاریخ بھی نہیں بتائی گئی۔

فلم کے خلاف اب تک مظاہرے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’پدماوتی‘ میں دپیکا پڈوکون نے رانی پدمنی کا کردار ادا کیا، رنویر سنگھ علاؤالدین خلجی بنے جبکہ شاہد کپور فلم میں رانی پدمنی کے شوہر راجا راول رتن سنگھ کے روپ میں نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پدماوتی‘ کے بعد دپیکا پڈوکون ایک اور مشکل میں پھنس گئیں

اس فلم کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ اس وقت جاری ہوا، جب ایسی قیاس آرائیاں سامنے آئیں کہ سنجے لیلا بھنسالی فلم میں رانی پدمنی اور علاؤالدین خلجی کے درمیان نامناسب سین پیش کریں گے۔

سنجے لیلا بھنسالی نے کئی مرتبہ اعلان کیا کہ یہ جھوٹی افواہیں ہیں اور فلم میں ایسا کوئی نامناسب سین پیش نہیں کیا جائے گا۔

جس کے بعد رواں ماہ ریلیز ہونے والا فلم کا ایک گانا ’گھومر‘ ان مظاہروں میں اضافے کی وجہ بن گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’پدماوتی‘ کی ٹیم فلم کو ریلیز سے قبل دکھانے کے لیے تیار

اس گانے میں دپیکا پڈوکون عروسی جوڑے میں رقص کرتی نظر آئیں تھی، جبکہ شاہد کپور بھی چند سینز میں موجود تھے۔

اس گانے کے بعد شدت پسند تنظیمات نے دپیکا کے اس عروسی جوڑے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

واضح رہے کہ یہ دپیکا پڈوکون کی ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ تیسری فلم ہے، اس سے قبل وہ 2013 کی فلم ’گولیوں کی راس لیلا رام لیلا‘ اور 2015 کی فلم ’باجی راؤ مستانی‘ میں کام کرچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Imran Nov 25, 2017 02:37am
ہندو بنیے کا سیکرلولر ازم کھل کر سامنے آ گیا ہے!