جنید جمشید کی یاد میں ’میرے بابا‘

اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2017
بابر نے اس سے قبل کئی نعتیں بھی ریکارڈ کروائیں ہیں —
بابر نے اس سے قبل کئی نعتیں بھی ریکارڈ کروائیں ہیں —

معروف گلوکار اور نعت خواں جنید جمشید کو اس دنیا سے گزرے ہوئے ایک سال مکمل ہونے والا ہے، تاہم وہ آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

جنید جمشید کے بیٹے بابر نے اپنے والد کے لیے ایک گانا ریکارڈ کروایا، جو جنید جمشید کے لیے ان کا ٹریبیوٹ ہے۔

’میرے بابا‘ نامی یہ گانا سید ذیشان نے ڈائیریکٹ کیا، جبکہ اس کی کمپوزیشن کاشان اڈمانی نے کی ہے۔

مزید پڑھیں: جنید جمشید فضائی حادثے میں جاں بحق

بابر نے اس سے قبل کئی نعتیں بھی ریکارڈ کروائیں جن میں ’تیری چوکھٹ پے بن کر‘، ’صبح مدینہ‘ اور ’میرا دل بدل دے‘ شامل ہیں۔

خیال رہے کہ 52 سالہ جنید جمشید نے اپنے کیریئر کا آغاز وائٹل سائنز نامی پاپ بینڈ میں مرکزی گلوکار ہونے کی حیثیت سے کیا، اس بینڈ کے ذریعے انہیں اپنی زندگی میں بےشمار شہرت ملی۔

گلوکاری میں بے انتہا شہرت حاصل کرنے کے بعد ان کا رجحان اسلامی تعلیمات کی جانب بڑھ گیا اور آہستہ آہستہ انہوں نے موسیقی کی صنعت کو خیر آباد کہہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: جنید جمشید: پاپ میوزک سے تبلیغی جماعت تک

ان کا شمار پاکستان کے نامور نعت خوان اور بزنس مین کے طور پر بھی کیا جاتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ جنید جمشید رمضان کے مہینے میں ٹی وی چینل پر مذہبی پروگرام کی میزبانی بھی کرتے آئے ہیں۔

جنید جمشید کو 2007 میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

گزشتہ سال دسمبر میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے) کے چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے میں جنید جمشید اپنی اہلیہ سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں