اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا) نے دسمبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار کرکے حکومت کو بھیج دی، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 48 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل ( ایچ ایس ڈی) ایک روپے 20 پیسے، مٹی کا تیل 15 روپے 35 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل ( ایل ڈی او) کی قیمت میں 13 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں کا تعین کرنے سے متعلق پابندیاں ہٹانے سے تیل کی کمپنیاں اپنے اور ڈیلروں کے درمیان بچت طے کرکے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت طے کرنے کی مجاز ہوں گی۔

اس طرح اگر اوگرا کی سمری منظور ہوجاتی ہے تو مٹی کے تیل کی قیمت 28.9 فیصد جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 26.8 فیصد تک بڑھ جائے گی۔

اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اوگرا کی سفارش کی مکمل منظوری متوقع ہے، اوگرا کی جانب سے موجودہ ٹیکس کی شرح اور درآمدی لاگت کے بعد بھیجی گئی سمری کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 1.9 فیصد جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.4 فیصد اضافہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 2.49 روپے اضافہ کردیا

حکومت کو بھیجی گئی سمری میں اوگرا کا کہا تھا کہ نومبر کے دوران بین الاقوامی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل ضروری تھا۔

لہٰذا اوگرا کے مطابق پیٹرول کی موجودہ قیمت 75.99 روپے لیٹر سے بڑھ کر 77.99 روپے فی لیٹر کی جائے۔

اس کے علاوہ اوگرا کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کے معاملے میں اوگرا پی ایس او کی جانب سے فراہم کردہ اوسط درآمد کی قیمت کے مطابق ریفائنری کی قیمت کا تعین کرتا ہے جبکہ 6 اکتوبر کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے ریٹیل قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کیا گیا تھا جس کے بارے میں 27 اکتوبر کو وزارت پیٹرولیم کو آگاہ کردیا گیا تھا۔

جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ریفائنری قیمت 50.07 روپے سے بڑھ کر 51.27 ہوجائے گی، جو 2.4 فیصد یا ایک روپے 20 پیسے تک کا اضافہ ہوگا، جو اوگرا کی جانب سے ریفائنری کی طے شدہ قیمت کے مطابق ہے، اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت ڈپو کے لیے تقریباً 86.50 روپے فی لیٹر ہوجائے گی جو موجودہ رقم 84.59 کے مقابلے میں ایک روپے 91 پیسے زیادہ ہے۔

اوگرا نے سفارش کی ہے کہ مٹی کے تیل کی مارکیٹ قیمت 53 روپے 19 پیسے سے بڑھا کر 68 روپے 54 پیسے کی جائے، جو 15 روپے 35 پیسے یا 28.9 فیصد اضافے کے برابر ہے، اس کے علاوہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں13 روپے 15 پیسے یا 26.8 فیصد اضافے کا کہا گیا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 49 روپے سے بڑھ کر 62 روپے 15 پیسے ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول، ڈیزل 2 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا

اوگرا کے حکام کا کہنا تھا کہ یہ تمام قیمتیں نومبر میں پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جانب سے درآمد کی گئی تمام مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) اور پیٹرولیم لیوی کو دیکھ کر ترتیب دی گئی ہیں۔

اوگرا کی سمری وزارت پیٹرولیم کو بھجوادی گئی ہے جو اس پر وزیر اعظم سے منظوری لے گی، خیال رہے کہ ہر ماہ کے آخری روز تیل کی قیمتوں میں نظر ثانی کی جاتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں