کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر چوروں نے چاقو کے وار سے ایک لڑکی کو قتل جبکہ اس کی بڑی بہن کو زخمی کردیا۔

ملیر کے علاقے شیشہ گلی (سی ایریا) میں 2 چور ایک گھر میں گھس گئے اور 20 سالہ لڑکی علوینہ ندیم کو یرغمال بنالیا تاہم علوینہ کی 16 سالہ چھوٹی بہن علینہ نے ڈاکؤں پر باورچی خانے میں استعمال کی جانے والی چھری سے حملہ کرنا چاہا تھا۔

سعود آباد پولیس تھانے کے حکام کا کہنا تھا کہ 16 سالہ بچی کے کچھ کرنے سے قبل ایک چور نے اس پر حملہ کیا اور چھری کو چھینتے ہوئے اس ہی چھری سے اس پر بے رحمانہ وار کرتے ہوئے اس کی گردن کاٹنی چاہی جس کی وجہ سے اس کی گردن پر گہرا زخم پڑ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لڑکی کے چیخنے پر چور گھبرا کر بھاگ گئے تاہم بھاگتے ہوئے انہوں نے بچی کی بڑی بہن پر بھی حملہ کیا۔

یہ بھی دیکھیں: کراچی میں لڑکیوں پر چاقو سے حملے

حکام کے مطابق ان لڑکیوں کی چیخ و پکار سے پڑوسی متوجہ ہوئے اور فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے جہاں انہوں نے دونوں لڑکیوں کو خون میں پڑا دیکھا اور انہیں فوری طور پر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کیا گیا جہاں 16 سالہ علینہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کی بڑی بہن کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

حکام کا کہنا تھا کہ اب تک کی تفتیش میں لڑکی کا بیان شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ چوری کی واردات لگتی ہے تاہم اس بات کی بھی امید کی جا سکتی ہے کہ اس واقعے میں کوئی قریبی رشتہ دار بھی ملوث ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں 3 افراد کا 'پراسرار' قتل

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہے، لڑکی کے والد ایک دکان چلاتے ہیں اور والدہ ایک صنعت میں مزدوری کرتی ہیں جبکہ ان کے 2 بھائی ایک سرکاری اسکول میں طالب علم ہیں۔

پولیس حکام نے یہ بھی بتایا کہ لڑکی کے والد حالیہ دنوں میں آبائی جائیداد بیچنے کی وجہ سے کچھ رقم کے مالک ہوئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ لڑکیاں گھر میں اکیلی تھیں اور ڈاکوؤں نے چوری کے لیے اس ہی وقت کا انتخاب کیا جس وقت خاندان کے زیادہ تر افراد گھر پر نہیں تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ایک مخنث قتل، 2 کا ’ریپ‘

انہوں نے کہا کہ چوروں نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے دونوں لڑکیوں کے قتل کرنے کی کوشش کی تھی، زخمی لڑکی صدمے میں ہے اور متاثرہ لڑکی سے 2 دن بعد دوبارہ اس واقعے کی تفصیل کے بارے میں پوچھا جائے گا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ تحقیق کار واقعے کے ذمہ داروں کو پکڑ نے اور اس ظالمانہ حملے کی وجہ جاننے کے لیے پر امید ہیں۔

جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک مفرور ملزم سمیت 2 مبینہ ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کورنگی نعمان صدیقی کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیم نے ایک گھر پر چھاپے کے دوران قتل کے مقدمے میں مفرور ملزم حمزہ کو حراست میں لے لیا۔

سرجانی ٹاؤن پولیس نے عبد الرحیم گوٹھ میں چھاپے کے دوران منشیات فروش عبد الحامد کو حراست میں لے لیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ منشیات فروش کے پاس سے اسلحہ، منشیات اور ایک عدد موٹر سائیکل بھی بر آمد کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ: ڈی ایس پی ٹریفک اور کانسٹیبل شہید

ریلوے پولیس حکام کے مطابق ایک 40 سالہ شخص کراچی کے علاقے عوامی مرکز کے قریب ریل کی پٹریوں کو پار کرتے ہوئے ریل گاڑی کے نیچے آکر ہلاک ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریل گاڑی کے نیچے آنے کی وجہ سے ہلاک ہونے والے شخص کا جسم بری طرح متاثر ہوا جس کی وجہ سے ان کی شناخت بھی نہیں کی جاسکتی ہے۔

بعد ازاں لاش کو قانونی چارہ جوئی مکمل کرنے کے بعد ایدھی کے سرد خانے منتقل کردیا گیا۔


یہ خبر 6 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں